اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک سے مالدیپ کے انسانی حقوق کمیشن کے وفد نے وزارتِ انسانی حقوق اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں انسانی حقوق کے شعبے میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد کی قیادت مالدیپ کے انسانی حقوق کمیشن کے کمشنر احمد معصوم اور سیکرٹری جنرل عائشہ شاہین نجمی کر رہے تھے۔ ملاقات میں قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن رابعہ جویری آغا اور وفاقی سیکرٹری وزارتِ انسانی حقوق عبدالخالق شیخ بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران کمزور اور محروم طبقات کے تحفظ، سماجی تحفظ کے اقدامات، تجربات کے تبادلے اور بہترین طریقہ کار سے استفادہ کرنے کے امور زیرِ غور آئے۔ دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ بنیادی حقوق کے فروغ، تحفظ اور نگہبانی میں آزاد قومی انسانی حقوق اداروں کا کردار نہایت اہم ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے پاکستان اور مالدیپ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ انسانی حقوق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی روابط، مسلسل مشاورت اور تعاون کو آگے بڑھانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم اور تجربات کا تبادلہ، اداروں کی استعداد کار میں بہتری اور مکالمے کا فروغ انسانی حقوق کے تحفظ کو مؤثر بنانے کے لیے اہم عناصر ہیں۔
پاکستانی حکام اور مالدیپ کے وفد نے دونوں ممالک کے متعلقہ انسانی حقوق اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ کر بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر طریقہ کار اختیار کیے جا سکیں۔
ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور مالدیپ بنیادی حقوق کے فروغ، کمزور طبقات کے تحفظ اور تعمیری روابط و ادارہ جاتی شراکت داری کے ذریعے تعاون کو مزید آگے بڑھائیں گے۔
