یومِ دفاع پر ٹاپ سٹی ون کی موٹر ریلی، شہریوں کا شہداء کو خراجِ عقیدت

newsdesk
5 Min Read
یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ٹاپ سٹی ون کے زیرِ اہتمام اسلام آباد میں موٹر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

اسلام آباد میں یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر ٹاپ سٹی ون کے زیرِ اہتمام ایک بڑی موٹر ریلی نکالی گئی، جس کا مقصد وطنِ عزیز کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار تھا۔ ریلی میں شہریوں، نوجوانوں، خاندانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

موٹر ریلی کا آغاز 6 ستمبر کو صبح 11 بجے ٹاپ سٹی ون سے کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منظور شدہ روٹ کے مطابق ریلی سری نگر ہائی وے سے گزرتی ہوئی ایف ٹین پہنچی، جس کے بعد شرکاء فاطمہ جناح پارک کی جانب روانہ ہوئے۔ مقررہ راستہ مکمل کرنے کے بعد ریلی ایف نائن فاطمہ جناح پارک میں اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی میں سینکڑوں گاڑیاں شامل تھیں جنہیں قومی پرچموں، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے والے بینرز اور قومی جذبے کی ترجمانی کرنے والے پلے کارڈز سے سجایا گیا تھا۔ شرکاء قومی پرچم اٹھائے پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے رہے اور وطن کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ریلی کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تصاویر اور قومی جذبے سے آراستہ بینرز بھی نمایاں دکھائی دیے۔ شرکاء نے پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کیا۔

ریلی میں شریک شہریوں کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر 1965 کی جنگ کے ان عظیم شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں اور آرام و سکون کی قربانی دی۔ ان کے مطابق یومِ دفاع محض ایک تاریخی دن نہیں بلکہ قومی اتحاد، عزم، حب الوطنی اور وطن سے وفاداری کی تجدید کا دن بھی ہے۔

شرکاء نے کہا کہ پاک فوج ملک کی سلامتی اور دفاع کی ضامن ہے، قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے اور وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

ریلی کے اختتام پر بریگیڈیئر ریٹائرڈ امجد جان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کے لیے اس کی جان سب سے قیمتی چیز ہوتی ہے، لیکن پاک فوج کے جوان ملک و قوم کی خاطر بغیر کسی خوف کے اپنی جان داؤ پر لگا کر شہادت کا رتبہ حاصل کرتے ہیں۔

بریگیڈیئر ریٹائرڈ امجد جان نے کہا کہ مضبوط دفاع ہی ملک کی سلامتی، استحکام اور معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کو اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے اور ان کے جذبۂ حب الوطنی کو نئی نسل تک منتقل کرنا چاہیے۔

ٹاپ سٹی ون کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کنور معیز خان نے ریلی میں بھرپور شرکت کرنے والے شہریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔

اپنے پیغام میں کنور معیز خان نے دفاعِ پاکستان کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع کے موقع پر ایسی تقریبات کے انعقاد کا مقصد نئی نسل کو وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں سے آگاہ کرنا اور شہداء و غازیوں کی لازوال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔

کنور معیز خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے پوری قوم متحد ہے اور قوم اپنے بہادر شہداء، غازیوں اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

یومِ دفاع کے موقع پر ٹاپ سٹی ون کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی اس موٹر ریلی نے اسلام آباد میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا پُروقار منظر پیش کیا۔ شرکاء نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

Share This Article