کراچی: شہر میں گراس روٹ کرکٹ اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ٹاؤن سطح پر منعقد کی جانے والی ٹیپ بال ٹاؤنز پریمیئر لیگ (ٹی پی ایل) کی افتتاحی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر بلدیات اور ٹاؤنز پریمیئر لیگ کے پیٹرن انچیف ناصر حسین شاہ تھے۔ ٹی پی ایل ٹیپ بال لیگ میں مجموعی طور پر 26 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں کراچی کے 25 ٹاؤنز کی نمائندہ ٹیمیں اور ایک ٹیم میئر کراچی کی شامل ہے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر ٹی پی ایل کا آفیشل نغمہ اور شریک ٹیموں کی جرسیوں کی رونمائی بھی کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ٹی پی ایل کی سافٹ لانچنگ کراچی میں کرکٹ کے ایک نئے سفر کے آغاز کی علامت ہے۔ انہوں نے کھیلوں کی مثبت طاقت کے ذریعے کراچی کے تمام 25 ٹاؤنز کو ایک پلیٹ فارم پر لانے پر ٹی پی ایل ٹیم کو مبارکباد دی۔
ناصر حسین شاہ نے تمام ٹاؤنز پر زور دیا کہ وہ ٹی پی ایل کے منتظمین کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ لیگ کا مقصد کراچی کے نوجوانوں میں احساس شمولیت کو فروغ دینا، بنیادی سطح پر کرکٹ کو مضبوط بنانا، مقامی ٹیلنٹ کو سامنے لانا، صحت مند مقابلے، اسپورٹس مین شپ اور کمیونٹی کی شرکت کو بڑھانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی پی ایل کے انعقاد میں سندھ حکومت کے محکمہ بلدیات کی منظوری اور تعاون شامل ہے، جبکہ لیگ کے ذریعے کراچی کے نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ یہ کرکٹ لیگ مکمل طور پر غیر سیاسی اسپورٹس اقدام ہے، جس کا مقصد کھیلوں کا فروغ، نوجوانوں کی ترقی، اتحاد اور کمیونٹی کی شمولیت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی پی ایل کے ذریعے مقامی نوجوان کرکٹرز کو اپنے اپنے ٹاؤنز کی نمائندگی کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں گے اور کراچی میں گراس روٹ کرکٹ کی ترقی میں مدد ملے گی۔
