جکارتہ/اسلام آباد: پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن برائے آئی ٹی و آئی ٹی ای ایس (پاشا) نے ایسوشیو ڈیجیٹل اینڈ اے آئی ایوارڈز 2026 میں اعزازات حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیکنالوجی تنظیموں کو مبارکباد دی ہے۔ یہ ایوارڈز 6 اکتوبر کو جکارتہ میں منعقدہ ایسوشیو ڈیجیٹل سمٹ اینڈ اے آئی ایوارڈز 2026 کے موقع پر باضابطہ طور پر دیے گئے، جہاں 26 ممالک کی نمایاں آئی ٹی اور ٹیک صلاحیتوں کی نمائندگی موجود تھی۔
اس عالمی اہمیت کے حامل ایونٹ میں پاشا کے وفد نے بھی شرکت کی، جس میں چیئرمین پاشا ڈاکٹر شعیب اے خان، وائس چیئرمین ایسوشیو اور سی ای سی ممبر پاشا محمد ذوہیب خان، جبکہ پاشا کے مینیجر اسپیشل انیشی ایٹوز زین طارق شامل تھے۔
ایشیا اوشیانا خطے کی 26 معیشتوں سے تعلق رکھنے والی اعلیٰ ٹیکنالوجی تنظیموں کے مقابلے میں پاکستانی اداروں نے 11 مختلف کیٹیگریز میں پذیرائی حاصل کی۔ پاشا کے مطابق یہ کامیابی پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے اور عالمی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور قائدانہ کردار کو نمایاں کرتی ہے۔
پاکستانی اداروں کی یہ کامیابی مختلف شعبوں میں سامنے آئی، جن میں عوامی خدمات، صحت، سائبر سیکیورٹی، زراعت، مالیاتی خدمات، تعلیم، مینوفیکچرنگ اور افرادی قوت کی مستقبل کی مہارتیں شامل ہیں۔ خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (KPITB) نے ڈیجیٹل گورنمنٹ ایوارڈ حاصل کیا، ریمائر (Remire) کو ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ ایوارڈ دیا گیا، جبکہ سمیٹری گروپ لمیٹڈ گلوبل بزنس سروس ایوارڈ کا فاتح قرار پایا۔
مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بھی پاکستانی کمپنیوں کی کارکردگی نمایاں رہی۔ سیکیور بینز (SecureBeans) نے اے آئی اِن سائبر سیکیورٹی ایوارڈ اپنے نام کیا، پلینٹ بیونڈ پاکستان کو اے آئی فار پبلک گڈ ایوارڈ ملا، جبکہ کیئر (CARE) کو اے آئی اِن ایجوکیشن کے شعبے میں اعزاز دیا گیا۔
اسی طرح ڈی ایکس ویژن اے آئی (DxVision AI) نے اے آئی اِن ہیلتھ کیئر ایوارڈ، سائبرڈ (Sybrid) نے اے آئی اِن اسمارٹ ایگریکلچر ایوارڈ، یونیکریو سلوشنز نے اے آئی اِن فنانشل سروسز ایوارڈ، گیک اِن پرائیویٹ لمیٹڈ نے اے آئی اِن ورک فورس اینڈ فیوچر اسکلز ایوارڈ، جبکہ اسمارٹ آئی ایس (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے اے آئی اِن مینوفیکچرنگ/سپلائی چین ایوارڈ حاصل کیا۔
چیئرمین پاشا ڈاکٹر شعیب خان نے کہا کہ یہ بڑی کامیابی پاکستان کے ٹیکنالوجی سیکٹر کی مسلسل جدت، مضبوطی اور عالمی معیار کی صلاحیت کا ثبوت ہے۔ ان کے مطابق 24 معیشتوں سے سخت مقابلے کے باوجود 11 مختلف کیٹیگریز میں کامیابی یہ ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان عالمی ٹیک منظرنامے میں صرف شریک نہیں بلکہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور اپلائیڈ مصنوعی ذہانت کے مستقبل کو آگے بڑھانے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تنظیموں نے دنیا کے سامنے پاکستان کے آئی ٹی ایکو سسٹم کی گہرائی اور صلاحیت کو اجاگر کر کے ملک کا نام روشن کیا ہے۔
پاشا نے تمام ایوارڈ حاصل کرنے والے اداروں کو اس عالمی اعتراف پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ایسوشیو کے یہ اعزازات پاکستان کے آئی ٹی شعبے سے ابھرنے والی صلاحیتوں اور جدید حل کو عالمی سطح پر نمایاں کرتے ہیں اور بین الاقوامی ٹیک صنعت میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کی نشاندہی کرتے ہیں۔
ایشین اوشیانین کمپیوٹنگ انڈسٹری آرگنائزیشن (ASOCIO) ایشیا اور اوشیانا کی معیشتوں کی نمائندگی کرنے والی آئی سی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشنز کی فیڈریشن ہے۔ اس کے سالانہ ایوارڈز خطے میں ڈیجیٹل جدت، ٹیکنالوجی کی ترقی اور آئی ٹی کے استعمال میں نمایاں کارکردگی کو سراہتے ہیں۔
