پی ایس این ہائی وے زون کے سالانہ مقابلے، طلبہ کی بھرپور شرکت

newsdesk
2 Min Read
پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک ہائی وے زون کے سالانہ مقابلوں میں طلبہ و طالبات نے حسن قرأت، حمد و نعت اور تقریری مقابلوں میں حصہ لیا۔

اسلام آباد (پریس ریلیز): پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک (ہائی وے زون) کے زیر اہتمام سالانہ غیر نصابی سرگرمیوں کی ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی، جسے پی ایس این کے بانی مرحوم ڈاکٹر محمد افضل بابر کی پہلی برسی کی مناسبت سے ان کے نام کیا گیا۔ تقریب میں مرحوم کی تعلیمی اور سماجی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب کے دوران حسن قرأت، حمد و نعت اور تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں ہائی وے زون سے وابستہ درجنوں تعلیمی اداروں کے سینکڑوں طلبہ و طالبات نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ شرکا نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور حاضرین سے داد وصول کی۔

پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک کے صدر مقبول حسین ڈار نے صدارتی خطاب میں کہا کہ نصابی تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بچوں کی ہمہ جہت شخصیت سازی اور خود اعتمادی کے فروغ کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کی کارکردگی، اساتذہ کی محنت اور تعلیمی اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔

تقریب میں مرکزی چیئرمین سپورٹس کمیٹی اکبر علی، ہائی وے زون کے صدر محمود حسین رفیع، جنرل سیکرٹری طیب شہزاد، نائب صدر میمونہ شفیق اور انفارمیشن عدیل عباسی سمیت مختلف سکولوں کے پرنسپلز اور اساتذہ کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا نے مقابلوں میں حصہ لینے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔

اختتام پر بانی پی ایس این مرحوم ڈاکٹر محمد افضل بابر کے بلندی درجات اور ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائے مغفرت کی گئی۔ بعد ازاں مقابلوں میں شریک تمام طلبہ و طالبات میں اسناد اور حوصلہ افزائی کے انعامات تقسیم کیے گئے۔

Share This Article