محفوظ علاج کے لیے فارماسسٹس کا کردار ناگزیر قرار

newsdesk
3 Min Read
FPCCI اسلام آباد میں ورلڈ فارماسسٹ ڈے 2026 کی تقریب میں فارماسسٹس کے کردار اور مریضوں کی محفوظ نگہداشت پر زور دیا گیا۔

اسلام آباد: ورلڈ فارماسسٹ ڈے 2026 کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ تقریب میں فارماسسٹس کے پیشہ ورانہ کردار اور مریضوں کی محفوظ نگہداشت کے لیے فارمیسی سروسز کی اہمیت کو نمایاں کیا گیا۔

تقریب پاکستان فارماسسٹ ایسوسی ایشن اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے زیر اہتمام فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) میں منعقد ہوئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس سال تقریب کا موضوع “Empowering Pharmacists for a Healthier Future” رکھا گیا تھا۔

شرکاء نے صحت کے نظام میں فارماسسٹس کی خدمات، بالخصوص مریضوں کی دیکھ بھال، ادویات کے محفوظ اور مؤثر استعمال، پریسکرپشن ریویو، ڈسپنسنگ اور فارماکوویجلانس جیسے اہم امور پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں اس بات پر زور دیا گیا کہ معیاری علاج اور مریضوں کی حفاظت کے لیے فارمیسی سروسز کا مؤثر نفاذ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول نے اپنے خطاب میں کہا کہ فارماسسٹس صحت کی ٹیم کا اہم حصہ ہیں اور صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی میں ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارماسسٹس کے کردار کو مزید مؤثر بنانا مریضوں کی محفوظ اور معیاری نگہداشت کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے فارمیسی سروسز کے بہتر نفاذ اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ مریضوں کو ادویات کے محفوظ استعمال اور مناسب رہنمائی سے متعلق بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس موقع پر پاکستان فارماسسٹ ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد کی جانب سے فارمیسی سروسز اور ڈرگ کنٹرول سے متعلق حالیہ اقدامات کو سراہا۔ نمائندگان نے فارمیسی سروسز کے مؤثر نفاذ کے لیے ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول کی قیادت اور تعاون کی بھی تعریف کی۔

تقریب میں فارماسسٹس اور شعبہ صحت سے وابستہ دیگر ماہرین نے شرکت کی۔ شرکاء نے فارمیسی کے شعبے کی پیشہ ورانہ خدمات اور صحت کے نظام میں اس کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔

Share This Article