ایزی پیسہ اَیپ 50 لاکھ سے زائد نئے Transsion فونز میں پہلے سے شامل ہوگی

newsdesk
5 Min Read
اسلام آباد میں ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک اور Transsion کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ طے پایا۔

اسلام آباد، 24 ستمبر 2026: پاکستان کے معروف ڈیجیٹل بینک ایزی پیسہ نے دنیا کے بڑے اسمارٹ فون مینوفیکچررز میں شامل Transsion کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کرلی ہے، جس کے تحت ملک بھر میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات تک رسائی کو مزید آسان بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

اس اقدام کے تحت پاکستان میں Transsion کے نمایاں برانڈز Infinix، TECNO اور itel کے 50 لاکھ سے زائد نئے اسمارٹ فونز میں ایزی پیسہ اَیپ پہلے سے انسٹال ہوگی۔ اس سے صارفین اپنے فون ایکٹیویٹ کرتے ہی ڈیجیٹل بینکنگ اور مالیاتی خدمات استعمال کرنے کے قابل ہوں گے۔

ملک میں اسمارٹ فونز کے استعمال میں اضافے کے ساتھ 3G/4G ڈیوائسز کا پھیلاؤ 71.6 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ اسی پس منظر میں دونوں اداروں کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے مالیاتی رسائی میں موجود خلا کم کیا جاسکتا ہے اور باضابطہ مالیاتی خدمات میں زیادہ لوگوں کی شمولیت ممکن بنائی جاسکتی ہے۔ یہ شراکت داری خاص طور پر اُن کم سہولت یافتہ اور بینکاری نظام سے باہر افراد کے لیے اہم قرار دی جارہی ہے جو پہلی مرتبہ اسمارٹ فون اور موبائل انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔

معاہدے پر اسلام آباد میں ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے چیف ڈیجیٹل آفیسر فرحان حسن اور Transsion کے وائس پریذیڈنٹ گلوبل پارٹنرشپس مائیکل وانگ نے دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے سینئر نمائندے بھی موجود تھے۔

ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے چیف ڈیجیٹل آفیسر فرحان حسن نے کہا کہ ایزی پیسہ کا مقصد ہمیشہ مالیاتی خدمات تک رسائی کو آسان بنانا اور ہر پاکستانی کے لیے مواقع پیدا کرنا رہا ہے۔ اُن کے مطابق Transsion کے ساتھ یہ شراکت صارفین کے ڈیجیٹل سفر کے آغاز ہی پر ڈیجیٹل بینکاری کو دستیاب بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمارٹ فونز میں مالیاتی خدمات تک براہ راست رسائی فراہم کرکے رکاوٹیں کم کی جارہی ہیں، دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے اور لاکھوں مزید افراد کو باضابطہ مالیاتی نظام کا حصہ بنانے میں مدد ملے گی۔

Transsion پاکستان کے کنٹری منیجر محمد عبدالقادر نے کہا کہ یہ شراکت ٹیکنالوجی، وسیع رسائی اور مقامی مارکیٹ کی سمجھ کو یکجا کرکے صارفین کے لیے بامعنی ڈیجیٹل تجربات پیدا کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔ اُن کے مطابق Transsion کے برانڈز کے ذریعے لاکھوں اسمارٹ فونز پاکستانی صارفین تک پہنچتے ہیں، ایسے میں ایزی پیسہ جیسی قابل اعتماد ڈیجیٹل مالیاتی خدمات تک رسائی کو اسمارٹ فون کے سفر کا فطری حصہ بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ Transsion کو ایزی پیسہ کے ساتھ اس اقدام پر اشتراک پر فخر ہے جو پاکستان بھر میں بڑے پیمانے پر اثرات مرتب کرسکتا ہے۔

دونوں اداروں کے مطابق یہ اشتراک مالیاتی شمولیت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو کم کرنے اور ڈیجیٹل اپنانے کے عمل کو تیز کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ Transsion کے وسیع اسمارٹ فون نیٹ ورک اور ایزی پیسہ کی ڈیجیٹل بینکاری مصنوعات و خدمات کو یکجا کرکے صارفین کی تعداد میں اضافے، اَیپ کی رسائی بڑھانے اور باضابطہ مالیاتی خدمات کے ساتھ صارفین کی شمولیت میں بہتری کی توقع کی جارہی ہے۔

پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل بینک کی حیثیت سے ایزی پیسہ اسٹریٹجک شراکت داریوں کے ذریعے اپنے ایکو سسٹم کو وسعت دے رہا ہے تاکہ مالیاتی خدمات کو زیادہ آسان، محفوظ اور قابل رسائی بنایا جاسکے۔ اسمارٹ فونز میں ایزی پیسہ اَیپ کی پہلے سے انسٹالیشن کو کم سہولت یافتہ کمیونیٹیز تک رسائی بڑھانے، ٹیکنالوجی کے ذریعے صارفین کو بااختیار بنانے اور زیادہ مربوط و جامع ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔

ایزی پیسہ کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد 6 کروڑ سے زائد ہے اور یہ ملک کا پہلا ڈیجیٹل بینک ہے جس نے کمرشل آپریشنز کا آغاز کیا۔ ادارے کے مطابق وہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جامع اقتصادی ترقی کے وژن سے ہم آہنگ رہتے ہوئے اپنی مالیاتی مصنوعات اور خدمات کا دائرہ بڑھا رہا ہے، تاکہ موجودہ صارفین کے ساتھ اُن لاکھوں افراد تک بھی خدمات پہنچائی جاسکیں جو اب تک بینکاری سہولتوں سے محروم یا محدود رسائی رکھتے ہیں۔

Share This Article