اسلام آباد، 9 ستمبر 2026ء: اسکولوں کی سطح پر باسکٹ بال کے فروغ اور گراس روٹ لیول پر نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں خواتین اسپورٹس ٹیچرز کے لیے خصوصی تربیتی کورس منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے زیر انتظام اسکولوں کی اسپورٹس ٹیچرز کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد ہوا۔
تربیتی کورس کا مقصد اسکول اسپورٹس ٹیچرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا، طلبہ میں باسکٹ بال کو متعارف کرانا اور کم عمری سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی، تربیت اور گرومنگ کو ممکن بنانا تھا۔
پروگرام میں 62 سے زائد خواتین اسپورٹس ٹیچرز نے شرکت کی۔ شرکا کو باسکٹ بال کی بنیادی تکنیک، کھیل کے قوانین، جدید کوچنگ طریقوں، تربیتی مشقوں اور اسکولوں میں باسکٹ بال کو مؤثر انداز میں شروع اور فروغ دینے کے عملی طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ تربیتی سیشنز کے دوران عملی مظاہرے بھی کرائے گئے تاکہ اساتذہ کی کوچنگ اور ٹریننگ کی مہارت میں اضافہ کیا جا سکے۔
کورس کی تربیت سابق انٹرنیشنل باسکٹ بال کھلاڑی اور پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے کوچز بورڈ کے رکن عمر محمود نے دی۔ پروگرام پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ممتاز الحق کی نگرانی میں منعقد کیا گیا، جبکہ اس کا انعقاد وفاقی سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کے وژن اور ہدایات اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ یاور حسین کی قیادت میں کیا گیا۔
فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز بٹ اور سیکرٹری جنرل اوج ظہور نے وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ہدایات کے مطابق تربیتی پروگرام کے کامیاب انعقاد کے لیے بھرپور تعاون اور معاونت فراہم کی۔
منتظمین کے مطابق یہ اقدام اسکول لیول باسکٹ بال کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا، کیونکہ خواتین اسپورٹس ٹیچرز جدید کوچنگ مہارتوں سے آراستہ ہو کر اپنے اپنے اسکولوں میں طلبہ کے لیے کھیل میں شرکت کے بہتر مواقع پیدا کر سکیں گی۔ اس پروگرام سے کم عمری میں باصلاحیت نوجوان باسکٹ بال کھلاڑیوں کی نشاندہی اور ان کی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔
فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن وفاقی دارالحکومت ریجن میں باسکٹ بال کے فروغ اور ترقی کے لیے ٹریننگ کیمپس، کوچنگ و ڈویلپمنٹ پروگرامز اور مقامی و قومی سطح کے مقابلوں کے ذریعے سرگرم کردار ادا کر رہی ہے۔
