اسلام آباد: نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایک باوقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں پرچم کشائی، دعائیہ کلمات، ملی نغموں، ٹیبلو، تقاریر اور مباحثوں کے ذریعے وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا گیا۔
تقریب کا آغاز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعود الطاف نے فیکلٹی ممبران، افسران اور طلبہ کے ہمراہ قومی پرچم لہرا کر کیا۔ پرچم کشائی کے بعد ڈائریکٹر محمود الحسن نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔
بعد ازاں تقریب کی مرکزی نشست یونیورسٹی کے المختیار آڈیٹوریم میں ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعود الطاف نے اپنے خطاب میں شرکا کو عیدِ آزادی کی مبارکباد دی اور طلبہ کی شاندار پرفارمنس کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں فنی اور ہنرمندانہ تعلیم بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر سعود الطاف نے شہدا اور غازیوں کے لیے دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کی ترقی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کی شجاعت، بہادری اور بلند حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں سلام پیش کیا۔
تقریب میں طلبہ نے ملی نغمے، ٹیبلو، تقاریر اور مباحثے پیش کیے۔ مختلف پرفارمنسز کے ذریعے طلبہ نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، جس پر حاضرین نے انہیں خوب داد دی۔
اس موقع پر بینک اسلامی کے نمائندگان نے بھی شرکت کی اور یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ یونیورسٹی کے پروفیسر ایمریٹس اور سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر محمد خان نے بھی شرکا سے خطاب کیا، جبکہ نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے نمائندے حافظ غلام محمد نے بطور خاص شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے معزز مہمانوں میں تحائف تقسیم کیے۔ بعد ازاں پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔
