اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قومی صحت، ریگولیشنز و کوآرڈی نیشن مصطفیٰ کمال نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں تکمیل کے قریب 200 بستروں پر مشتمل نئے ایمرجنسی سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسپتال انتظامیہ نے انہیں منصوبے کی پیش رفت، دستیاب طبی سہولتوں اور تکمیل کے مختلف مراحل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران حکام نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ جدید سہولتوں سے آراستہ یہ ایمرجنسی مرکز فعال ہونے کے آخری مرحلے میں ہے۔ مصطفیٰ کمال نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی، فنشنگ اور تکنیکی نوعیت کے تمام کام اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
وفاقی وزیر صحت نے پمز میں مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئے ایمرجنسی سینٹر کو جلد فعال کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو منصوبے کی تکمیل میں تیزی لانے اور سہولت کو جلد از جلد عوام کے لیے دستیاب بنانے کی ہدایت کی۔ مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ منصوبے کی پی سی فور دستاویزات مکمل کرنے کا عمل تیز کیا جائے تاکہ کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
حکام کے مطابق نئے ایمرجنسی سینٹر میں 30 بستروں پر مشتمل سرجیکل انٹینسو کیئر یونٹ (SICU)، 10 بستروں کا میڈیکل انٹینسو کیئر یونٹ (MICU)، دو جدید آپریشن تھیٹرز اور دو مائنر آپریشن تھیٹرز شامل ہوں گے۔ ان سہولتوں سے پمز کی ہنگامی اور انتہائی نگہداشت کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومت عوام کو بروقت اور معیاری ہنگامی طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پمز میں جدید ایمرجنسی سینٹر کا قیام پاکستان کے سرکاری شعبے کے نظام صحت کو مضبوط بنانے اور ایمرجنسی طبی خدمات بہتر کرنے کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
بعد ازاں وفاقی وزیر صحت نے پمز میں چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے تعاون سے قائم پیڈیاٹرک ایمرجنسی سینٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
مصطفیٰ کمال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بچوں کو بروقت، معیاری اور محفوظ علاج کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کی صحت کے شعبے میں کسی غفلت یا کمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور بچوں کو بہترین دستیاب طبی علاج فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزارت قومی صحت سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور تمام شہریوں کے لیے صحت کی بہتر سہولتیں یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
