آصف علی زرداری جمہوری استقامت اور عوامی خدمت کی علامت ہیں، محمد عامر صدیقی

newsdesk
4 Min Read
محمد عامر صدیقی نے صدر آصف علی زرداری کی 71ویں سالگرہ پر ان کی سیاسی خدمات کو سراہا۔

راولپنڈی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر محمد عامر صدیقی نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کا اصل سرچشمہ عوام ہیں اور صدر آصف علی زرداری عوامی خدمت، جمہوری جدوجہد، سیاسی بصیرت اور بے مثال قربانیوں کی روشن علامت ہیں۔

محمد عامر صدیقی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ قوم کی خدمت اور جمہوریت کے فروغ کے لیے وقف کیا۔ ان کے مطابق آصف علی زرداری کی شخصیت استقامت، حوصلے اور برداشت کی بہترین مثال ہے، وہ ایسے حالات اور آزمائشوں سے گزرے جن سے عام انسان ٹوٹ جاتا ہے، مگر وہ ہر مشکل کے بعد مزید مضبوط ہو کر سامنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے یہ ثابت کیا کہ سیاست صرف اقتدار کا نام نہیں بلکہ عوام کے دکھ درد کو سمجھنے، ان کی آواز بننے اور ان کے حقوق کے لیے کھڑے ہونے کا نام ہے۔ محمد عامر صدیقی کے مطابق صدر زرداری نے ہمیشہ مفاہمت، برداشت اور اتحاد کی سیاست کو آگے بڑھایا اور پاکستان کی سیاسی تاریخ میں دوسری مرتبہ جمہوری صدر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کے لیے آصف علی زرداری ایک مضبوط ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کا پرچم بلند رکھا اور ملک کے اندرونی اتحاد کے ساتھ بیرونی تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

محمد عامر صدیقی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے معاشرے کے اس طبقے کو، جو ایک طویل عرصے سے نظر انداز ہوتا رہا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی صورت میں ایک اہم تحفہ دیا۔ ان کے مطابق آج اسی پروگرام کے تحت لاکھوں بچے بہتر تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور خواتین بااختیار ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے دور میں اٹھارویں آئینی ترمیم منظور ہوئی جس کے ذریعے صوبوں کو زیادہ خودمختاری ملی۔ اسی طرح ان کی حکومت نے اتفاق رائے سے نیا این ایف سی ایوارڈ دیا اور تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبوں کو وسائل کی تقسیم میں بڑا حصہ ملا۔

محمد عامر صدیقی نے مزید کہا کہ مشکل سیاسی حالات کے باوجود آصف علی زرداری نے پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کی، اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک منتخب سویلین حکومت نے اپنی مدت پوری کی۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کی حکمت عملی کے باعث سندھ اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی حکومت میں ہے، حالیہ جی بی الیکشن میں شاندار کامیابی کے بعد حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی اور آمدہ کشمیر انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے "پاکستان کھپے" اور مفاہمت کا نعرہ دے کر عوام کو حوصلہ دیا کہ کوئی طاقت جمہوریت اور پاکستان کو توڑ نہیں سکتی۔ محمد عامر صدیقی نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی بہادری، حوصلے اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

Share This Article