ایبٹ آباد: کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ایبٹ آباد کیمپس دھمتوڑ میں 22 جولائی 2026 کو فائنل ایئر پراجیکٹ مقابلہ 2026 اور تقسیمِ اسناد کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) سرمد سلیم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
کیمپس آمد پر مہمانِ خصوصی کا استقبال کیمپس ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ذاکر حسین، سربراہ شعبہ کمپیوٹر سائنس پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الرحمٰن اور کیمپس کوآرڈینیٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران علی خان نے کیا۔
تقریب کا آغاز سی بلاک میں طلبہ اور رضاکاروں میں اسناد کی تقسیم سے ہوا۔ اس موقع پر ان طلبہ اور رضاکاروں کو اعزازات دیے گئے جنہوں نے مولانا محمد اسحاق پبلک لائبریری ایبٹ آباد میں کتب کی ڈیجیٹل کیٹلاگنگ، ضلعی سطح پر ڈیجیٹل انفارمیشن سسٹمز کی تیاری اور ان کے نفاذ میں نمایاں خدمات انجام دیں۔
شعبہ کمپیوٹر سائنس کے طلبہ کو ضلعی انتظامیہ کے لیے ’’پہچان ایپ‘‘ اور ضلعی پولیس کے لیے خصوصی ویب سائٹ تیار کرنے پر بھی اسناد دی گئیں۔ بتایا گیا کہ ’’پہچان ایپ‘‘ کے دو ہزار سے زائد صارفین ہیں اور یہ مختلف عوامی خدمات کی فراہمی میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
تقریب میں 13 جون 2026 کو کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اسلام آباد میں ہونے والے ExcITe Cup کے فاتح 28 طلبہ میں بھی اسناد تقسیم کی گئیں۔
اسی دوران شعبہ کمپیوٹر سائنس کی طالبہ ہرا خورشید کو چین کے شہر شینژن میں منعقدہ Huawei ICT Competition 2025–26 Global Finals کے کمپیوٹنگ ٹریک میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر خصوصی تعریفی سند پیش کی گئی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) سرمد سلیم نے فائنل ایئر پراجیکٹ نمائش و مقابلہ 2026 کا افتتاح کیا۔ انہوں نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا، جہاں کمپیوٹر سائنس کے طلبہ کی جانب سے تقریباً 30 جدید اور اختراعی منصوبے پیش کیے گئے تھے۔ طلبہ نے ڈیجیٹل گورننس، عوامی خدمات، مصنوعی ذہانت، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق اپنے منصوبوں کی عملی افادیت سے آگاہ کیا۔ صنعتی شعبے کے ماہرین نے بھی ان منصوبوں کا جائزہ لیا۔
اسی سلسلے میں TechFusion 2026 کے تحت سمسٹر پراجیکٹس اور On-Spot Programming Competition کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں تقریباً 60 طلبہ نے حصہ لیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) سرمد سلیم نے کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس کی عوامی خدمت، کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور فنی مہارت کی تعریف کی اور انہیں معاشرے کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کیمپس ڈائریکٹر اور یونیورسٹی کو آئندہ بھی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
