اسلام آباد، 22 جولائی: وفاقی وزیر اورنگزیب خان کچھی نے تاریخی اُردو لغت کی نظرثانی شدہ پہلی تین جلدوں کی رونمائی کر دی۔ تقریب نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، جس میں علمی، ادبی اور سرکاری شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے دوران تاریخی اُردو لغت کی تمام 22 جلدوں کی اشاعت کے سلسلے میں وفاقی وزیر اورنگزیب خان کچھی اور ڈاکٹر حاجی محمد رفیق پردیسی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ اُردو ہماری قومی شناخت، تہذیب اور ثقافتی ورثے کی امین زبان ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی اُردو لغت کی اشاعت قومی علمی سرمایہ ہے اور حکومت اُردو زبان کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
اورنگزیب خان کچھی نے کہا کہ اُردو زبان کا فروغ ہماری قومی ذمہ داری ہے اور تاریخی لغت کی تمام 22 جلدوں کی اشاعت ایک اہم قومی خدمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اپنے اداروں کے ذریعے زبان، ادب اور ثقافت کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے ڈاکٹر حاجی محمد رفیق پردیسی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں اعلیٰ ترین سول اعزاز کے لیے سفارش کریں گے۔
