چیئرمین سینیٹ کی آذربائیجان کے سفیر سے الوداعی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے کا عزم

newsdesk
4 Min Read
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سے الوداعی ملاقات کی۔

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر عزت مآب خضر فرہادوف سے الوداعی ملاقات کی اور پاکستان اور آذربائیجان کے تاریخی، برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کی نمایاں خدمات کو سراہا۔

چیئرمین سینیٹ نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورِ سفارت میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، پارلیمانی، اقتصادی اور عوامی سطح کے روابط کو فروغ ملا۔ انہوں نے کہا کہ سفیر خضر فرہادوف کی فعال سفارتی کوششوں نے باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور قومی اہمیت کے امور پر ایک دوسرے کی مستقل حمایت پر مبنی دیرینہ دوستی کو مزید تقویت دی۔

سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور آذربائیجان کی قیادت کے درمیان اعلیٰ سطحی تبادلوں میں غیر معمولی تیزی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے تاریخی دورہ پاکستان اور اس کے بعد وزیراعظم پاکستان کے باکو کے دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان رابطوں سے دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے اپنے باکو کے دوروں کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے پارلیمانی تعاون کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پارلیمانی کمیٹیوں اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے درمیان تبادلوں کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے۔ انہوں نے ملی مجلس کی اسپیکر عزت مآب صاحبہ غفاروا کے لیے نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔

ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مثبت رجحان کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان 2 ارب امریکی ڈالر کے طے شدہ سرمایہ کاری ہدف کے حصول کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستانی چاول پر درآمدی ڈیوٹی 2027 تک صفر کرنے کے آذربائیجان کے فیصلے کو سراہا اور توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، صحت، مصنوعی ذہانت، جدت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

رابطوں کے فروغ کا ذکر کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے براہِ راست پروازوں کے آغاز اور آسان ویزا پروگرام کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات سیاحت، کاروبار اور عوامی سطح کے تبادلوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

چیئرمین سینیٹ نے آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازع پر پاکستان کی مسلسل حمایت کرنے پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات نہ صرف مشترکہ اسٹریٹجک مفادات بلکہ گہرے تاریخی اور ثقافتی روابط پر بھی استوار ہیں، جن کی علامت باکو میں موجود تاریخی ملتانی کاروان سرائے ہے۔

سفیر خضر فرہادوف نے اپنے دورِ سفارت کے دوران ملنے والی گرمجوشی اور مہمان نوازی پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ قریبی دوستی اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آذربائیجان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں سینیٹ میں پاکستان آذربائیجان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین سینیٹر کاظم علی شاہ، قومی اسمبلی میں پاکستان آذربائیجان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی سید رضا علی گیلانی، سینیٹر منظور احمد کاکڑ، چیئرمین سینیٹ کی مشیر مس مصباح کھر اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سید قمر رضا بھی شریک تھے۔

Share This Article