اسلام آباد: وومن ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر میں رائزنگ پاکستان فورم کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں ماہرین، سماجی شخصیات اور طلبہ نے شرکت کی۔ تقریب میں جنگلات کے کٹاؤ، آلودگی، موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحول دوست اقدامات کی ضرورت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
تقریب سے پاکستان کے معروف ماہر ارضیات و سائنس دان ڈاکٹر عدیل نظیر، پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کی ڈاکٹر ابیر، پاکستان ایگریکلچرل کونسل کے سابق چیئرمین ڈاکٹر غلام علی، مکمل پاکستان پارٹی کے چیئرمین متین ہاشمی، رائزنگ پاکستان فورم کی صدر رخشندہ تسنیم اور وومن ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کی پرنسپل مس عصمت آفریدی نے خطاب کیا۔
ڈاکٹر عدیل نظیر نے طلبہ کو آلودگی کے اسباب اور اس کے تدارک کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات جغرافیائی خدوخال پر نمایاں ہو رہے ہیں، جبکہ مون سون بارشوں کے نظام میں بھی خطرناک حد تک تبدیلی آ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کا مؤثر مقابلہ جنگلات لگانے ہی سے ممکن ہے۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کی ڈاکٹر ابیر نے جنگلات کے کٹاؤ کے باعث پیدا ہونے والے خطرات اور موسمیاتی تبدیلیوں میں شدت کا ذکر کرتے ہوئے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل اس مقصد کے لیے بہترین مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
سابق چیئرمین پاکستان ایگریکلچرل کونسل ڈاکٹر غلام علی نے گرین اینڈ کلین پاکستان کے تناظر میں زیادہ سے زیادہ پھل دار پودے اور غذائی اجناس لگانے کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث فوڈ سکیورٹی پر پڑنے والے اثرات کا سدباب کیا جا سکتا ہے۔
چیئرمین مکمل پاکستان پارٹی متین ہاشمی نے کہا کہ گرین اینڈ کلین پاکستان کے لیے جنگلات کے فروغ کے ساتھ ایسی صنعتوں کا قیام بھی ضروری ہے جو ماحول دوست ہوں اور زہریلے مادوں کے اخراج کو روکنے میں مدد دیں۔
رائزنگ پاکستان فورم کی صدر رخشندہ تسنیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے نوجوان ہی کل کا پاکستان ہیں۔ اگر نوجوان اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنا سیکھ جائیں تو پاکستان خود بخود درست سمت میں آگے بڑھے گا۔ انہوں نے طلبہ کو درخت لگانے کی ترغیب دی اور ساتھ ہی پودوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کی اہمیت پر بھی توجہ دلائی۔
وومن ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کی پرنسپل مس عصمت آفریدی نے مہمانوں اور حاضرین کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور ادارے کے اغراض و مقاصد اور کارکردگی سے آگاہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر رائزنگ پاکستان فورم کی جانب سے طلبہ میں پودے تقسیم کیے گئے، بعد ازاں مہمانوں نے بھی پودے لگائے۔
