راولپنڈی: پنجاب کے وزیر زراعت سید محمد عاشق حسین کرمانی نے سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی ساہو کے ہمراہ پیر مہر علی شاہ ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی (PMAS-AAUR) میں جدید سولرائزیشن منصوبے کا افتتاح کر دیا۔
وزیر زراعت نے اس منصوبے کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں قابل تجدید توانائی، ماحولیاتی پائیداری اور توانائی کے مؤثر استعمال کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے گرین ٹیکنالوجیز اپنانے کے حوالے سے یونیورسٹی کی فعال کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سولرائزیشن کا یہ اقدام دیگر تعلیمی اداروں کے لیے ایک قابل تقلید نمونہ ہے۔
افتتاح کے بعد پنجاب کے وزیر زراعت سید محمد عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں یونیورسٹی کے جاری ترقیاتی اقدامات اور آئندہ لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر زراعت نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کے وژن کو بھرپور انداز میں سراہا اور متعدد مؤثر تعلیمی، تحقیقی اور ترقیاتی منصوبوں کے کامیاب نفاذ پر یونیورسٹی کی فیکلٹی اور انتظامی ٹیموں کی محنت کو تسلیم کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید محمد عاشق حسین کرمانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب، بالخصوص پنجاب محکمہ زراعت، صوبے بھر کی زرعی جامعات کی معاونت کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی اشتراک کو مضبوط بنانے، ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ دینے اور جدت پر مبنی زرعی ترقی کی حوصلہ افزائی کے ذریعے زرعی جامعات کو مزید فعال بنایا جائے گا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے ایک جامع پریزنٹیشن دی، جس میں زرعی تعلیم، تحقیق، اختراع، انٹرپرینیورشپ اور کمیونٹی آؤٹ ریچ کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کی حکمت عملی، جاری منصوبوں اور مستقبل کے پروگراموں پر روشنی ڈالی گئی۔
وائس چانسلر نے وزیر زراعت کو فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام، ٹریننگ آف ٹرینرز (ToT)، دیہی کاروبار اور معاشی بہتری کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ مونگ پھلی ویلیو چین ڈویلپمنٹ، فارمرز کال سینٹر اور زرعی مشاورتی سروس کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے یونیورسٹی کے بزنس انکیوبیشن سینٹر (BIC) کو مضبوط بنانے اور اسے ایک متحرک ایگری انٹرپرینیورشپ ہب میں تبدیل کرنے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی ساہو نے بھی اس موقع پر یونیورسٹی کے فعال تحقیقی ماحول اور تعلیمی معیار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب محکمہ زراعت صوبے کی زرعی جامعات کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مضبوط کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں کئی مشترکہ اقدامات کامیابی سے عملی شکل اختیار کر چکے ہیں۔
