لاہور میں قومی ویٹ لفٹنگ: پنجاب کے فرقان احمد نے 88 کلوگرام میں نئے قومی ریکارڈ قائم کر دیے

newsdesk
2 Min Read
لاہور میں نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کے دوران فرقان احمد نے 88 کلوگرام کیٹیگری میں نئے قومی ریکارڈ قائم کیے۔

لاہور کے کوچنگ سینٹر میں نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کے تیسرے روز پنجاب کے 17 سالہ نوجوان ویٹ لفٹر فرقان احمد نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے مردوں کی 88 کلوگرام باڈی ویٹ کیٹیگری میں نئے قومی ریکارڈ قائم کر دیے۔

فرقان احمد نے اسنیچ میں 145 کلوگرام اور کلین اینڈ جرک میں 180 کلوگرام وزن اٹھایا، جس کے ساتھ ان کا مجموعی وزن 325 کلوگرام رہا۔ اس سے قبل 2025 میں کراچی میں منعقدہ 35ویں نیشنل چیمپئن شپ میں فرقان احمد کا مجموعی وزن 315 کلوگرام تھا۔

اسی دوران پنجاب ہی سے تعلق رکھنے والے ایک اور انڈر 17 ویٹ لفٹر حیدر شکیب نے 94 کلوگرام باڈی ویٹ کیٹیگری میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے اسنیچ میں 137 کلوگرام اور کلین اینڈ جرک میں 150 کلوگرام وزن اٹھا کر مجموعی طور پر 287 کلوگرام کا ٹوٹل بنایا۔

حیدر شکیب 2024 میں روس میں ہونے والے فار ایسٹ کپ کے انڈر 15 سلور میڈلسٹ بھی ہیں۔

دونوں نوجوان ویٹ لفٹرز معروف کوچز شجاع الدین ملک اور سجاد امین ملک کی زیر تربیت ہیں۔ شجاع الدین ملک کامن ویلتھ اور ساؤتھ ایشین گیمز کے چیمپئن اور ریکارڈ ہولڈر رہ چکے ہیں، جبکہ سجاد امین ملک بھی ساؤتھ ایشین گیمز کے چیمپئن اور ریکارڈ ہولڈر ہیں۔

Share This Article