آبادی کی منصوبہ بندی پر قومی اتفاق رائے ناگزیر ہے، چیئرمین سینیٹ

newsdesk
3 Min Read
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی یوم آبادی 2026 کی تقریب میں ذمہ دارانہ آبادی منصوبہ بندی اور نوجوانوں کی ترقی پر زور دیا۔

اسلام آباد، 15 جولائی 2026ء: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ذمہ دارانہ آبادی منصوبہ بندی کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کو تعلیم، صحت اور ہنرمندی کے شعبوں میں زیادہ سرمایہ کاری کے ذریعے بااختیار بنانے سے وابستہ ہے۔

اسلام آباد میں عالمی یوم آبادی 2026ء کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی ایک چیلنج بھی ہے اور ایک موقع بھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 65 فیصد سے زائد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، جو ایک بڑی آبادیاتی قوت ہے، تاہم اس سے فائدہ اسی صورت اٹھایا جا سکتا ہے جب انسانی ترقی پر مسلسل سرمایہ کاری کی جائے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے صحت، تعلیم، روزگار، آبی وسائل اور ماحولیات پر پڑنے والے دباؤ کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو پاکستان کی معاشی اور ترقیاتی حکمت عملیوں کا حصہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے خاندانی منصوبہ بندی کو ماں اور بچے کی صحت میں بہتری، غربت میں کمی اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے اہم ذریعہ قرار دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے سیاسی جماعتوں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور ذمہ دارانہ آبادی منصوبہ بندی کے فروغ اور پارلیمانی نگرانی کو مضبوط بنانے کے لیے قانون سازی اور پالیسی اقدامات کی حمایت سے متعلق پارلیمان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے سیاسی قیادت، علمائے کرام، کمیونٹی نمائندوں اور ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق آگاہی بڑھانے اور غلط فہمیوں کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ یہ ایک مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے وزارت قومی صحت، صوبائی حکومتوں، یو این ایف پی اے اور ترقیاتی شراکت داروں کی پاکستان کے آبادی اور ترقی کے ایجنڈے میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ مربوط اقدامات کے ذریعے پاکستان اپنی آبادی کو قومی قوت اور خوشحالی کے ذریعہ میں تبدیل کر سکتا ہے۔

Share This Article