ایرانی سفیر کا دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور
پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص میڈیا، ثقافت اور عوامی روابط میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ خیالات پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن اسلام آباد کے دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سعید احمد شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے اظہار کیے۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر ممالک ہیں جو تاریخ، ثقافت اور مذہب کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے رواں سال جون میں ہونے والی بارہ روزہ ایران۔اسرائیل جنگ کے دوران پاکستان کی جانب سے سفارتی حمایت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور حکومتِ پاکستان کا حکومت اور عوامِ ایران سے یکجہتی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ دونوں ممالک میں میڈیا کے شعبے میں تعاون اور اعلیٰ سطحی تبادلوں کے فروغ کی وسیع گنجائش موجود ہے، جس سے دونوں اقوام باہمی فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔
ایرانی سفیر نے ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان کو ایران کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے باہمی مشاورت کی جا سکے۔
