کراچی: میڈی کیم ٹرافی انڈر 19 انٹر زونل کرکٹ ٹورنامنٹ میں زون فور وائٹس نے عمدہ آل راؤنڈ کھیل کی بدولت زون سیون بلیوز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ عیدگاہ گراؤنڈ کورنگی میں کھیلے گئے میچ میں عون عباس نے پہلے بولنگ میں 26 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں اور بعد ازاں بیٹنگ میں 5 چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
زون سیون بلیوز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 29.2 اوورز میں 173 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ شایان خان نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے، جبکہ زوہیب خان اور متاہر حسین نے 24، 24 رنز اسکور کیے۔ زون فور وائٹس کی جانب سے لیفٹ آرم اسپنر حذیفہ ساجد نے مؤثر بولنگ کرتے ہوئے 44 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ افاض الدین نے 4 رنز دے کر 2، عون عباس نے 26 رنز دے کر 2 اور بریال خان نے 46 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں زون فور وائٹس نے مطلوبہ ہدف 23.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ عون عباس نے 47 رنز کی اننگز کھیلی، دانیال نیازی نے 33، سعد مرتضیٰ نے 28 اور افاض الدین نے 28 رنز بنائے۔ زون سیون بلیوز کی جانب سے زوہیب خان نے 23 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کے اختتام پر عون عباس کو میڈی کیم مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ایوارڈ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اسامہ بشارت نے پیش کیا۔ اس موقع پر فرسٹ کلاس کرکٹر ارسلان فرزند بھی موجود تھے۔ ٹورنامنٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام میڈی کیم گروپ آف کمپنیز کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
