اروشا، تنزانیہ، 8 اکتوبر 2026ء: چیئرمین سینیٹ پاکستان اور 153ویں بین الپارلیمانی یونین اسمبلی میں پاکستانی پارلیمانی وفد کے سربراہ سید یوسف رضا گیلانی نے اروشا، تنزانیہ میں آئی پی یو اسمبلی کے موقع پر ظہرانے میں شرکت کی، جہاں ان کی آئی پی یو کی صدر ڈاکٹر تولیا ایکسن سے ون آن ون ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے ڈاکٹر تولیا ایکسن کو آئی پی یو کی صدر کی حیثیت سے ان کے تاریخی دورِ صدارت 2023ء تا 2026ء کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی۔ انہوں نے آئی پی یو کو دنیا کی پارلیمانوں کی زیادہ جامع، نمائندہ اور مؤثر عالمی تنظیم بنانے کے لیے ڈاکٹر ایکسن کی متحرک قیادت، وژن اور مسلسل کوششوں کو سراہا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ڈاکٹر تولیا ایکسن کی قابل اور متاثر کن قیادت میں آئی پی یو امن، مکالمے اور پارلیمانی سفارت کاری کا مضبوط فورم بن کر سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی یو کی پہلی افریقی خاتون صدر کے طور پر ڈاکٹر ایکسن دنیا بھر کی خواتین پارلیمنٹیرینز، خصوصاً گلوبل ساؤتھ کے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ وہ اور ڈاکٹر تولیا ایکسن ان کے دورِ صدارت میں نہایت قریبی رابطے اور تعاون کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں، اور آئندہ بھی پارلیمانی تعاون کے فروغ اور آئی پی یو کے کردار کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے صدر آئی پی یو ڈاکٹر تولیا ایکسن، حکومتِ تنزانیہ اور تنزانیہ کے عوام کا اروشا میں شریک تمام وفود کے لیے بہترین انتظامات اور گرمجوش میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے ڈاکٹر تولیا ایکسن کو باہمی طور پر موزوں وقت پر سینیٹ آف پاکستان کی مہمان کی حیثیت سے پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ ڈاکٹر تولیا ایکسن نے دعوت خوش دلی سے قبول کی اور اس خیرسگالی پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔
سید یوسف رضا گیلانی 5 سے 9 اکتوبر 2026ء تک اروشا انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر، تنزانیہ میں منعقد ہونے والی 153ویں آئی پی یو اسمبلی میں سینیٹ اور قومی اسمبلی پاکستان کے مختلف جماعتوں پر مشتمل پارلیمانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
ملاقات نہایت خوشگوار، دوستانہ اور باہمی احترام کے ماحول میں ہوئی۔
