اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے ڈیٹا سینٹر اور اے آئی کلاؤڈ، سکائی 47 قراقرم ون کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سکائی 47 منصوبہ ایک متحرک، ترقی پسند اور روشن مستقبل کی جانب نہایت اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہے اور ملک کو ناقابل تسخیر سکیورٹی فراہم کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سکائی 47 ڈیٹا سینٹر قراقرم ون کی افتتاحی تقریب میں شرکت ان کے لیے باعث اعزاز ہے۔ جدید ترین ڈیٹا سینٹر انتہائی متاثر کن اور قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم منصوبے کو انتہائی مختصر مدت میں غیر معمولی عزم، پختہ یقین اور اعلیٰ مہارت کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اگر اس ماڈل کو اپنایا جائے تو نہ صرف ماضی کے نقصانات کا ازالہ کیا جا سکتا ہے بلکہ مستقبل کے لیے ایک متحرک اور ترقی یافتہ پاکستان بھی تشکیل دیا جا سکتا ہے، جو وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں، جس طرح معرکہ حق میں عظیم کامیابی حاصل ہوئی جو پاکستان کی تاریخ کا عظیم ترین لمحہ تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب عزم مضبوط ہو تو سب کچھ ممکن ہو جاتا ہے۔ مشکلات اور چیلنجز ضرور آتے ہیں، لیکن اگر ان کا مقابلہ امید، حوصلے اور توانائی سے کیا جائے تو معرکہ حق جیسے تاریخی کارنامے جنم لیتے ہیں۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت افروز قیادت، شراکت دار زیڈ ٹی ای، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بھرپور معاونت کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ قوم کو سکائی 47 جیسا تحفہ دینے پر تمام سٹیک ہولڈرز کے شکر گزار ہیں۔ مسلسل محنت ہی ایسے بڑے منصوبوں کو حقیقت میں بدلتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسی نوعیت کے منصوبے کراچی اور لاہور میں بھی مکمل کیے جائیں گے اور تمام سرکاری اداروں کو اس سہولت سے منسلک کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سکائی 47 پاکستان کے عوام کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے اور یہ امید و حوصلہ دیتا ہے کہ اگر ہم متحد ہو کر کام کریں تو کوئی بھی ہدف ناقابل حصول نہیں۔
اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ڈیٹا سینٹر سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ تقریب میں وفاقی وزراء اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ سکائی 47 ڈیٹا سینٹر کا افتتاح پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک نئے معاشی دور کے دروازے کھل رہے ہیں اور پاکستان اپنے وسائل اور افرادی قوت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے گا۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ڈیٹا سے حاصل ہونے والی بصیرت مستقبل کی حقیقی معاشی طاقت ہے۔ مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ محفوظ، کم لاگت اور مؤثر استعمال پر منحصر ہوگی، جبکہ آئندہ مسابقت ڈیٹا کے مؤثر استعمال پر ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ سکائی 47 میں جدید سٹوریج، جی پی یوز اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ سسٹمز دستیاب ہوں گے۔
سی ای او سکائی 47 حسن عباس نے کہا کہ دنیا میں 12 ہزار ڈیٹا سینٹرز موجود ہیں جبکہ پاکستان میں صرف 22 ڈیٹا سینٹرز ہیں، تاہم ملک کی ڈیجیٹل گنجائش بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ای کامرس بزنس 25 سے 30 فیصد سالانہ کی شرح سے فروغ پا رہا ہے اور اس ڈیٹا سینٹر کے ذریعے ملک میں ڈیجیٹل شعبے کی مضبوط بنیاد رکھی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ سکائی 47 ڈیٹا سینٹر ٹیکنالوجی کے میدان میں خود انحصاری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ ڈیٹا سینٹر مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ کے تقاضے پورے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا ہوسٹنگ اور ڈیجیٹل خدمات کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا جبکہ حساس قومی اور تجارتی معلومات کے تحفظ کا بھی اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔
