مسکراہٹ کسی دکھی دل کے لیے حوصلہ بن سکتی ہے، عامر صدیقی

newsdesk
3 Min Read
سماجی رہنما محمد عامر صدیقی نے مسکراہٹ کے عالمی دن پر دوسروں کے دکھ بانٹنے اور عوامی ریلیف کی ضرورت پر زور دیا۔

راولپنڈی: سماجی رہنما اور ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر محمد عامر صدیقی نے مسکراہٹ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دوسروں کے دکھ کم کرنا اور چہروں پر مسکراہٹ لانا عبادت سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آج مسکراہٹیں بانٹنے اور سمیٹنے کا دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد پریشانیوں اور دکھوں میں گھرے لوگوں کے غم بانٹنا ہے۔ خوشیاں اور مسکراہٹیں تقسیم کرنے سے بڑھتی ہیں، اس لیے موجودہ نفسا نفسی کے دور میں اگر چند لمحوں کے لیے بھی کسی انسان کے دکھ کا بوجھ ہلکا کیا جائے تو یہ نہایت اچھا عمل ہے۔

محمد عامر صدیقی کا کہنا تھا کہ اس سے بہتر کام کیا ہو سکتا ہے کہ انسان کی ایک مسکراہٹ کسی کے لیے حوصلہ بن جائے اور وہ اپنے غم بھلا دے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا مزاج دلوں کو سرور بخشنے والا تھا اور مسکراہٹ روح کو تسکین دیتی ہے۔ نیکی کے کسی عمل کو معمولی نہیں سمجھنا چاہیے، چاہے وہ اپنے مسلمان بھائی سے خندہ پیشانی سے ملنا ہی کیوں نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ مسکراہٹ چہرے کی خوبصورتی کو نکھارتی ہے اور ہر انسان اپنی زندگی میں خوش رہنا چاہتا ہے، اس کے لیے چہرے پر مسکراہٹ سجائے رکھنا ضروری ہے۔ اگر کسی کی مسکراہٹ دوسرے انسان کے لیے سہارا اور حوصلہ بن جائے تو یہ ایک قابل قدر عمل ہے۔

عامر صدیقی نے کہا کہ آج کا دن اس بات کا بھی تقاضا کرتا ہے کہ غزہ و فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں پر جاری دہشتگردی، بربریت اور نسل کشی کا خاتمہ ہو۔ غزہ کے مظلوموں کے لیے آواز بلند کرنا، ان کے تحفظ، خوراک، ادویات، علاج معالجے اور سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں اور امدادی کارکنان پر بربریت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، امن پسند قوتوں کو فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے اور پائیدار امن کی طرف بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ، اسرائیل و ایران جنگ نے عالمی معیشت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ایران جنگ کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات، بجلی و گیس، ایل پی جی اور اشیائے خوردونوش کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں دھکیل دیا ہے۔ ان حالات میں عوام کے لیے مسکرانا تو درکنار، چین سے جینا بھی مشکل ہو چکا ہے۔ عامر صدیقی نے زور دیا کہ حکمران عوام کو ریلیف دینے کی طرف قدم بڑھائیں اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔

Share This Article