کراچی: پاکستان کی معروف میری ٹائم سلوشنز فراہم کرنے والی کمپنی اور تیزی سے ابھرتی ہوئی آئی سی ٹی سسٹم انٹیگریٹر ایس آئی گلوبل سلوشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے چین کے شہر جنان میں قائم ذہین ویڈیو نگرانی کی عالمی کمپنی جوویژن ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان میں عوامی تحفظ اور سمندری سلامتی کے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ معاہدے کے تحت اے آئی پر مبنی سی سی ٹی وی ٹیکنالوجی اور جدید میرین آلات کو پاکستان کے شہروں اور بندرگاہوں میں متعارف کرایا جائے گا۔
ایس آئی گلوبل سلوشنز کے دفاتر امریکا اور متحدہ عرب امارات میں بھی موجود ہیں جبکہ پاکستان میں کمپنی اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں ملک گیر موجودگی رکھتی ہے۔ کمپنی سیف سٹی منصوبوں کے لیے قابل اعتماد کنسلٹنٹ اور میری ٹائم نیویگیشن سلوشنز کے شعبے میں مارکیٹ لیڈر کے طور پر اپنی شناخت بنا چکی ہے۔
جوویژن کے ساتھ اس ایم او یو کے تحت ایس آئی گلوبل سلوشنز پاکستان میں جوویژن کی خصوصی شراکت دار کے طور پر سیف سٹی منصوبوں کے لیے اے آئی پاورڈ نگرانی کے حل فراہم کرے گی۔ اس تعاون میں ذہین سی سی ٹی وی سسٹمز، کلاؤڈ بیسڈ ویڈیو اینالیٹکس، فل کلر نائٹ وژن اور مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول پلیٹ فارمز شامل ہوں گے، جن کا مقصد شہری تحفظ کو بہتر بنانا اور جرائم کی روک تھام میں مدد دینا ہے۔
یہ شراکت داری صرف شہری نگرانی تک محدود نہیں بلکہ میری ٹائم شعبے تک بھی پھیلی ہوئی ہے۔ اس اقدام کے تحت ایس آئی گلوبل سلوشنز نے چین سے جدید پولی یوریتھین بوائز حاصل کیے ہیں، جنہیں پاکستانی بندرگاہوں میں نصب کیا جائے گا۔ کمپنی کے مطابق ایس آئی گلوبل سلوشنز پاکستان میں پولی یوریتھین بوائز متعارف کرانے والی پہلی کمپنی ہے۔ یہ بوائز کم دیکھ بھال، طویل مدت استعمال اور سخت سمندری و موسمی حالات کے مقابلے میں بہتر مزاحمت کی خصوصیات رکھتے ہیں۔
حال ہی میں ایس آئی گلوبل سلوشنز کے سیف سٹی اور میری ٹائم ماہرین کے وفد نے کمانڈر (ریٹائرڈ) لیاقت علی پی این کی قیادت میں چین کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران تکنیکی بات چیت اور مصنوعات کے عملی مظاہروں نے جوویژن کے ساتھ ایم او یو اور پاکستانی بندرگاہوں اور ہاربرز میں حفاظت و نیویگیشن بہتر بنانے کے لیے آئی اے ایل اے کے مطابق میرین آلات کے حصول کی راہ ہموار کی۔
ایس آئی گلوبل سلوشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر نعمان احمد سعید نے کہا کہ جوویژن اور سن ہیلم کے ساتھ شراکت داری ہمارے لیے باعث اعزاز ہے، کیونکہ یہ کمپنیاں محفوظ شہروں اور اسمارٹ بندرگاہوں کے ہمارے وژن میں شریک ہیں۔ ان کے مطابق یہ تعاون معیار، جدت اور عالمی معیارات سے کمپنی کی وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پاکستان کے شہری مراکز اور میری ٹائم انفراسٹرکچر کی حفاظت و سلامتی میں بامعنی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
