یومِ آزادی پر صحت مند پاکستان کے عزم کی ضرورت ہے، ثناء اللہ گھمن

newsdesk
3 Min Read
پناہ کے جنرل سیکریٹری ثناء اللہ گھمن نے یومِ آزادی پر صحت مند پاکستان کے عزم پر زور دیا۔

راولپنڈی: پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے جنرل سیکریٹری ثناء اللہ گھمن نے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر اہلِ پاکستان کو دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام دیا ہے۔

13 اگست 2026ء کو جاری اپنے پیغام میں ثناء اللہ گھمن نے کہا کہ یومِ آزادی صرف آزادی کی نعمت اور قومی ہیروز کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن نہیں، بلکہ یہ اس عہد کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ ہم پاکستان کی حفاظت کریں گے، اسے مضبوط بنائیں گے اور اس امانت کا حق ادا کریں گے جو ہمارے بزرگوں نے ہمیں سونپی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ قوم ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند ہو۔ ان کے مطابق کسی بھی قوم کی اصل طاقت اس کے عوام کی صحت میں پوشیدہ ہوتی ہے، کیونکہ ایک صحت مند قوم ہی مضبوط ملک، مستحکم معیشت، بچوں کی بہتر تعلیم، خاندانوں کے تحفظ اور قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔

ثناء اللہ گھمن نے کہا کہ پناہ 1984ء سے عوام کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ تنظیم آگاہی، صحت مند پالیسیوں اور بہتر طرزِ زندگی کے فروغ کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ صحت مند طرزِ زندگی کو روزمرہ معمول کا حصہ بنایا جائے۔ متوازن غذا استعمال کی جائے، زیادہ چینی، نمک اور غیر صحت مند چکنائیوں والی مصنوعات میں کمی لائی جائے، تمباکو سے پرہیز کیا جائے، جسمانی سرگرمی کو معمول بنایا جائے اور خوراک کے انتخاب میں باخبر فیصلے کیے جائیں۔

ثناء اللہ گھمن نے کہا کہ اس یومِ آزادی پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ جس طرح ہم پاکستان کی آزادی اور مستقبل کو عزیز رکھتے ہیں، اسی طرح اپنی صحت کی حفاظت کو بھی اہم سمجھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت مند پاکستان ہی خوشحال پاکستان کی بنیاد ہے۔

انہوں نے پاکستان کی ترقی، امن، خوشحالی اور عوام کی اچھی صحت کے لیے دعا کی اور امید ظاہر کی کہ قوم اتحاد، ذمہ داری اور صحت مند مستقبل کے عزم کے ساتھ آگے بڑھتی رہے گی۔

Share This Article