راولپنڈی میں امیر العظیم اور سرفراز خان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

newsdesk
4 Min Read
راولپنڈی میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں پریم یونین، جماعت اسلامی رہنماؤں، ریلوے ملازمین اور مرحومین کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سابق سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم مرحوم اور پاکستان ریلوے کے قائد لیبر یونین سرفراز خان مرحوم کی یاد میں ایک پروقار تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا، جس میں مزدور رہنماؤں، ریلوے ملازمین اور مرحومین کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

تعزیتی ریفرنس سے پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ محمد انور، چیف آرگنائزر چوہدری خالد محمود، لاہور ڈویژن کے صدر شیخ فیاض شہزاد، ڈرائیور ایسوسی ایشن کے چیئرمین تنویر حسین، نذیر اعوان، اکرام کندی، سید ظہور شاہ، رؤف خان، عاصم، محمد خان، ملک جمیل، اسد شاہ، ناصر خان، ارشاد احمد، انور بھٹی، خضر حیات، خرم جنید، عامر بلی، ذیشان اور سلامت خان نے خطاب کیا۔

پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ محمد انور نے مرحومین کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حافظ سلمان بٹ مرحوم، سابق صدر پریم یونین، نے ہماری سیاسی، مزدور اور تنظیمی تربیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم تنگ نظر لوگ نہیں بلکہ تمام مزدوروں کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان ریلوے ہمارا گھر ہے اور ہم ریلوے کے ہر محنت کش کے پشتیبان ہیں۔

شیخ محمد انور نے کہا کہ سرفراز خان مرحوم نے اپنی پوری زندگی مزدوروں کے حقوق، عزت اور وقار کے لیے جدوجہد میں گزاری۔ ان کے مطابق سرفراز خان کی وفات پاکستان ریلوے کی مزدور تحریک کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، تاہم ان کے نظریات، جدوجہد اور مزدور دوستی کو آگے بڑھانا سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے تعزیتی ریفرنس میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں، مزدور رہنماؤں، مرحومین کے اہل خانہ اور ریلوے ملازمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سب احباب نے اپنی مصروفیات کے باوجود اس بابرکت اور پروقار پروگرام میں شرکت کرکے مرحومین کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اظہر اقبال حسن نے امیر جماعت اسلامی پاکستان کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ پریم یونین لاوارث تنظیم نہیں، جماعت اسلامی پریم یونین کی پشتی بان ہے اور ہم مزدوروں کے حقوق کے رکھوالے ہیں۔

اظہر اقبال حسن نے کہا کہ ان شاء اللہ دھرنوں اور دیگر قومی ذمہ داریوں سے فارغ ہونے کے بعد ریلوے کے اندر بھی مزدوروں کے حقوق کی جنگ لڑنے کے لیے حافظ نعیم الرحمن کو ریلوے کے ٹریک پر مزدوروں کے شانہ بشانہ کھڑا دیکھیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اور پریم یونین کا رشتہ مزدوروں کے حقوق، انصاف اور خدمت کے عزم پر قائم ہے اور پریم یونین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

تقریب میں سرفراز خان مرحوم کے صاحبزادگان وقار خان اور شہریار خان، امیر العظیم مرحوم کے صاحبزادے منیب العظیم اور بڑے بھائی نور العظیم بھی موجود تھے۔

امیر العظیم مرحوم کے صاحبزادے منیب العظیم نے خطاب کرتے ہوئے مزدوروں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کے والد محترم کے لیے ایک بابرکت پروگرام کا اہتمام کیا۔

امیر العظیم مرحوم کے بڑے بھائی نور العظیم نے کہا کہ مزدوروں کے درمیان آ کر انہیں خوشی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے چھوٹے بھائی اسلامی جمعیت طلبہ، جماعت اسلامی کے میدانوں اور مزدور دنیا میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔ انہوں نے پریم یونین کے صدر اور ان کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا کہ غم کی اس گھڑی میں انہیں پرسہ دینے کے لیے بلایا گیا۔

تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر مرحومین امیر العظیم اور سرفراز خان کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔

Share This Article