راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سجادہ نشین آستانہ عالیہ محمدیہ قادریہ قلندریہ گلشن آباد شریف پیر سرکار جی نے کہا ہے کہ انسانیت کی بھلائی اور فلاح کے لیے سرکار مدینہ ﷺ کی ذاتِ گرامی کامل نمونہ عمل ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے 28ویں سالانہ 12 روزہ آل پاکستان جشن عید میلاد النبی ﷺ کانفرنس بسلسلہ تحفظ ختمِ نبوت و ناموسِ رسالت ﷺ کے آٹھویں پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پیر سرکار جی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے بھیجے گئے انبیاء و مرسلین علیہم السلام کی چارہ گری کے باوجود جب انسانیت کے دکھوں اور تکالیف میں کمی نہ آئی تو خداوندِ عالم نے انسانیت کی مسیحائی کے لیے اپنی اولین تخلیق کو لباسِ بشر میں دنیا میں بھیجا، تاکہ اللہ کی ہدایت کی تکمیل ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ سرکار مدینہ ﷺ پوری انسانیت کے نجات دہندہ اور محسنِ اعظم ہیں، اس لیے پوری انسانیت پر لازم ہے کہ وہ مذہب و ملت کی تفریق کے بغیر آپ ﷺ کے ادب و احترام کو ملحوظ رکھے۔ پیر سرکار جی کے مطابق امتِ مسلمہ کے دین و ایمان کی اصل بنیاد سرکار دو عالم ﷺ کی محبت اور آپ ﷺ کی غلامی اختیار کرنے میں پوشیدہ ہے۔
کانفرنس سے مفتی مظہر مختار درانی نے ’’وصالِ مصطفی ﷺ اور احساناتِ مصطفی ﷺ‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔
اس موقع پر علماء و مشائخ عظام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں صاحبزادہ انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری، علامہ قاری طاہر اقبال چشتی، قاری الشیخ عصام الظواہری (مصر)، حافظ مخدوم رفیق الزمان، پیر سید عجائب شاہ، علامہ مولانا داؤد عالم رضوی، مفتی محمد طارق صدیقی، قاری محمد اشفاق، قاری محمد اکرام اللہ محسن، رانا زاہد اقبال، صاحبزادہ گل مست خان قادری، قاری محمد نذیر مدنی، صاحبزادہ دانش بشیر قادری، پاکستان سنی تحریک کے اراکین و عہدیداران راولپنڈی اور دیگر علماء و مشائخ شامل تھے۔
شرکاء نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر سرکار جی نے ملک پاکستان اور افواجِ پاکستان کے لیے خصوصی دعا کرائی۔
