راولپنڈی (07 نومبر 2026ء) پاکستان سٹیزن رائٹس موومنٹ (پی سی آر ایم) کے چیئرمین ظہیر احمد اعوان نے کہا ہے کہ عوامی سہولیات کو نظرانداز کر کے 22 کروڑ روپے کے ممکنہ نمائشی منصوبوں کے بجائے بنیادی ضروریات پر توجہ دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ راول روڈ، علی نواز چوک تا چاندنی چوک، کو صرف مرمت اور نکاسیٔ آب کی بہتری درکار ہے۔ ان کے مطابق غیر ضروری تزئین و آرائش کے بجائے طہماسپ آباد، محلہ حکمداد، محلہ محمود علی شاہ اور چاہ سلطان جیسے گنجان آباد علاقوں میں سرکاری اسکول اور ڈسپنسری قائم کی جائے۔
ظہیر احمد اعوان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں کے بچے تقریباً چار کلومیٹر دور تعلیم حاصل کرنے جاتے ہیں، جبکہ موجودہ پرائمری اسکول بھی ناکافی سہولیات کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرضوں میں ڈوبے ملک کے عوام کے ٹیکس کا پیسہ غیر ضروری تزئین و آرائش کے بجائے تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی عوامی ریلیف پر خرچ ہونا چاہیے۔ عوام کو نمائشی ترقی نہیں، روٹی، تعلیم، صحت اور روزگار چاہیے۔
