اسلام آباد: پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن برائے آئی ٹی اینڈ آئی ٹی ای ایس (پاشا) نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے اسکیم سینٹرز کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران قانونی سافٹ ویئر اور آئی ٹی سے منسلک سروسز کمپنیوں پر بڑھتے ہوئے چھاپوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پیر 9 نومبر 2026 کو جاری بیان میں پاشا نے کہا کہ این سی سی آئی اے کو قانونی کال سینٹرز اور آئی ٹی کمپنیوں کو اسکیم مراکز سے واضح طور پر الگ کرنا ہوگا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق کال سینٹرز ایک قانونی کاروباری سرگرمی ہیں، جبکہ اسکیم سینٹرز کو کال سینٹرز نہیں سمجھا جا سکتا۔
پاشا نے واضح کیا کہ آئی ٹی انڈسٹری قانون کے ساتھ کھڑی ہے اور سائبر کرائم کی تحقیقات، قانون کے نفاذ اور احتساب کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے، تاہم ایسی کارروائیاں واضح قانونی دائرہ کار، شفاف طریقہ کار، due process اور تناسب کے اصول کے تحت ہونی چاہئیں۔ ایسوسی ایشن کے مطابق ایسے اقدامات سے اجتناب ضروری ہے جو قانونی کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کریں، کام کے بنیادی آلات تک رسائی روکیں یا کاروباری آپریشنز کے لیے غیر یقینی صورتحال پیدا کر کے پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کو نقصان پہنچائیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ملک اور بیرون ملک شہریوں کو دھوکا دینے والے اسکیم مراکز پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں اور سب سے پہلے حقیقی آئی ٹی برآمد کنندگان کو متاثر کرتے ہیں۔ پاشا نے کہا کہ انڈسٹری ایسے عناصر کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہر قانونی اور شواہد پر مبنی کارروائی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
تاہم پاشا کے مطابق اسے رکن کمپنیوں کی جانب سے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ ٹیمیں بعض دفاتر میں وارنٹ دکھائے بغیر داخل ہوئیں، عملے کو کئی گھنٹے روکے رکھا اور ان سے پوچھ گچھ کی گئی، جبکہ لیپ ٹاپ، سرورز اور فونز قبضے میں لیے گئے، حتیٰ کہ ایسی جگہوں پر بھی جہاں کوئی غیر قانونی چیز سامنے نہیں آئی۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ اس نوعیت کی کارروائیوں سے کلائنٹس کو خدمات کی فراہمی رک جاتی ہے، غیر ملکی کلائنٹس کا خفیہ ڈیٹا خطرے میں پڑتا ہے اور ملازمین و سرمایہ کاروں میں خوف پیدا ہوتا ہے۔
پاشا نے نشاندہی کی کہ آئی ٹی پاکستان کی معیشت کا وہ شعبہ ہے جو ہر سال تقریباً 20 فیصد کی مسلسل شرح سے ترقی کر رہا ہے۔ مالی سال 2025-26 میں آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب امریکی ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچیں، جبکہ ایک سال قبل یہ حجم 3.8 ارب ڈالر تھا۔ حکومت نے اڑان پاکستان کے تحت مالی سال 2029 تک 10 ارب ڈالر کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ قومی ہدف 15 ارب ڈالر ہے۔ مالی سال 2026 کے پہلے نو ماہ میں صرف فری لانس برآمدات میں تقریباً 51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاشا کے چیئرمین ڈاکٹر شعیب احمد خان نے کہا، ’’ہر ایک ڈالر اعتماد پر کمایا جاتا ہے۔ جب کوئی غیر ملکی کلائنٹ سنتا ہے کہ اس کے وینڈر کے دفتر پر چھاپہ پڑا اور سرورز اٹھا لیے گئے، تو وہ فرانزک رپورٹ کا انتظار نہیں کرتا؛ وہ معاہدہ بھارت، فلپائن یا مشرقی یورپ منتقل کر دیتا ہے۔ فراڈ کرنے والے ایک کال سینٹر کھوتے ہیں، لیکن پاکستان ایک مارکیٹ کھو دیتا ہے۔‘‘
ایسوسی ایشن نے حکام کو یاد دہانی کرائی کہ آئی ٹی انڈسٹری صرف چند دفاتر کا نام نہیں بلکہ ایک مکمل ایکو سسٹم ہے۔ پاکستان ہر سال 70 ہزار سے زائد کمپیوٹنگ گریجویٹس پیدا کرتا ہے۔ خاندان اپنی جمع پونجی بچوں کی تعلیم پر لگاتے ہیں، جبکہ جامعات اور ہائر ایجوکیشن کمیشن صنعت کی ضروریات کے مطابق پروگرام تشکیل دیتے ہیں۔
پاشا کے مطابق وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، اگنائٹ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سب برآمدی اہداف کے حصول کے لیے کام کر رہے ہیں۔ بلاامتیاز چھاپے ان مشترکہ کوششوں کو متاثر کرتے ہیں اور ہنرمند نوجوانوں کو ملک چھوڑنے کی طرف دھکیلتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ این سی سی آئی اے خود کہہ چکی ہے کہ کچھ فراڈ آپریٹرز اپنے کاروبار آئی ٹی کمپنیوں کے طور پر رجسٹر کراتے ہیں۔ پاشا کے مطابق اسی وجہ سے ضروری ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے احتیاط کے ساتھ قانونی اداروں اور اسکیم آپریٹرز میں فرق کریں، نہ کہ لیپ ٹاپ اور نائٹ شفٹ رکھنے والے ہر دفتر کو مشتبہ تصور کیا جائے۔
پاشا نے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر تلاشی عدالت کے وارنٹ کے تحت ہونی چاہیے، جو کارروائی کے آغاز پر کمپنی کو دکھایا جائے، اور یہ عمل پیکا 2016 اور ضابطہ فوجداری کے مطابق ہو۔ عملے، بالخصوص خواتین ملازمین کے ساتھ باوقار سلوک کیا جائے۔
ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ کسی رجسٹرڈ کمپنی کے خلاف کارروائی سے پہلے این سی سی آئی اے، پی ایس ای بی اور پاشا کے مقررہ فوکل پرسن کے ذریعے اس کی حیثیت کی تصدیق کرے، جو چوبیس گھنٹے دستیاب ہو۔
پاشا نے کہا کہ جہاں شواہد درکار ہوں وہاں کاروبار بند کرنے کے بجائے موقع پر ڈیٹا کی فرانزک کاپیاں بنائی جائیں۔ جو آلات کسی جرم سے متعلق نہ ہوں، انہیں باقاعدہ سیزر میمو کے ساتھ سات دن کے اندر واپس کیا جائے۔
ایسوسی ایشن نے غیر ملکی کلائنٹس کے ڈیٹا کے تحفظ پر بھی زور دیا اور کہا کہ معاہدوں اور ڈیٹا پروٹیکشن ذمہ داریوں کے تحت رکھے گئے ڈیٹا کو سخت چین آف کسٹڈی قواعد کے مطابق سنبھالا جانا چاہیے۔
پاشا نے مزید کہا کہ فرانزک نتائج اور الزامات سے قبل کمپنیوں اور ان کے ناموں کو مجرموں کے طور پر عام نہ کیا جائے اور میڈیا ٹرائل سے گریز کیا جائے۔
ایسوسی ایشن نے شکایات کے جائزے، اسکیم آپریٹرز سے متعلق معلومات کے تبادلے اور رجسٹرڈ آئی ٹی کمپنیوں پر چھاپوں کے لیے ایس او پیز طے کرنے کی غرض سے این سی سی آئی اے، وزارت آئی ٹی، پی ایس ای بی اور پاشا پر مشتمل مستقل چار فریقی کمیٹی قائم کرنے کی تجویز بھی دی۔
پاشا نے یہ بھی کہا کہ چھاپوں کے دوران ہراسانی یا بدسلوکی نہیں ہونی چاہیے۔ بیان کے مطابق بعض کارروائیوں میں احاطے میں موجود ملازمین کے ساتھ جسمانی بدسلوکی کی شکایات سامنے آتی ہیں، جبکہ اہلکار سی سی ٹی وی سسٹمز اور دیگر ڈیجیٹل فوٹیج میں بھی خلل ڈالتے ہیں؛ اس سے گریز کیا جانا چاہیے۔
ڈاکٹر شعیب احمد خان نے مزید کہا، ’’ہم ان اسکیم نیٹ ورکس کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے این سی سی آئی اے کے ساتھ مل کر کام کریں گے جو ملک کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ صرف یہ ہے کہ قانون پر درستگی کے ساتھ عمل کیا جائے تاکہ آئی ٹی انڈسٹری کی ایماندار اکثریت کو سزا نہیں بلکہ تحفظ ملے۔‘‘
پاشا کے مطابق ٹیکنالوجی کا شعبہ ایسے ماحول میں آگے نہیں بڑھ سکتا جہاں کاروبار اس خدشے میں مبتلا رہیں کہ ان کے آپریشنز، ملازمین اور کام کے ضروری آلات شفاف طریقہ کار کے بغیر کسی بھی وقت متاثر ہو سکتے ہیں۔
ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام، وزارت داخلہ اور ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے کے ساتھ فوری مشترکہ اجلاس کی درخواست کی ہے۔ پاشا کے مطابق وہ رکن کمپنیوں کے مخصوص کیسز بھی حکام کے ساتھ شیئر کرے گی۔
