پاکستان قطر معاشی روابط کو نئی وسعت دینے پر اتفاق

newsdesk
3 Min Read
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے اسلام آباد میں قطری سفیر علی مبارک علی عیسیٰ سے ملاقات کی۔

اسلام آباد: صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے اسلام آباد میں قطر کے سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عاطف اکرام شیخ نے علاقائی صورتحال اور خطے میں امن کے لیے پاکستان اور قطر کی قیادت کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو قابل قدر قرار دیا۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے سیاسی، سفارتی، سماجی اور معاشی تعلقات دونوں ممالک کے لیے قابل فخر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

عاطف اکرام شیخ نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کے توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت، آئی ٹی، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی پاکستان اور قطر کے درمیان نجی شعبے کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔

قطری سفیر علی مبارک علی عیسیٰ نے پاکستان اور قطر کے باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے عاطف اکرام شیخ کی کاوشوں کو سراہا۔ ملاقات میں قطری سفیر نے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے سابق امیر قطر شیخ حماد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے قطری سفیر کے والد کے انتقال پر بھی تعزیت کی اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ سابق امیر قطر نے پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔

ملاقات میں نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون اور چیئرمین کیپیٹل آفس کریم عزیز ملک بھی شریک تھے۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

Share This Article