پاکستان، نیپال روابط کے فروغ کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی پر زور

newsdesk
2 Min Read
پاکستان، نیپال، بھوٹان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے اجلاس میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان، نیپال، بھوٹان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا اجلاس گروپ کے کنوینر اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملانی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پاکستان اور نیپال کے دوطرفہ تعلقات، تجارتی روابط اور باہمی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان فضائی رابطوں کو مزید بہتر بنانے اور روٹس کو معاشی طور پر قابل عمل بنانے کے لیے براہ راست پروازیں بحال کی جانی چاہئیں۔

بیرسٹر دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ براہ راست فضائی روابط سے عوامی سطح پر رابطوں، تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

اجلاس میں پاکستان میں نیپال کی سفیر محترمہ ریٹا دھیتال کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ شہزادہ محمد گشتاسپ خان، محمد مبین عارف، محمد عثمان بادینی، شائستہ خان، ڈاکٹر درشن، اسفند یار ایم بھنڈارا، رمیش لال اور فرح اکبر نے شرکت کی۔

شرکا نے پاکستان اور نیپال کے درمیان عوامی رابطوں کے فروغ، ثقافتی تبادلہ پروگراموں کے انعقاد اور تعلیمی وظائف میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔

نیپال کی سفیر محترمہ ریٹا دھیتال نے کہا کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دے کر دوستانہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مزید مضبوط ہو سکتے ہیں۔

Share This Article