عوامی مسائل کے حل کے لیے واضح وژن ناگزیر ہے، خاقان وحید خواجہ

newsdesk
5 Min Read
راولپنڈی میں پاکستان عوامی قوت کی تقریبِ حلف برداری کے موقع پر آسمہ اسماعیل بٹ کو پنجاب ویمنز ونگ کی صدر مقرر کیا گیا۔

راولپنڈی، 12 ستمبر 2026ء — پاکستان عوامی قوت کے چیئرمین خاقان وحید خواجہ نے کہا ہے کہ ملک کو روایتی سیاست اور کھوکھلے وعدوں کے بجائے واضح سمت، مؤثر پالیسیوں اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، ٹیکنالوجی و جدت، صحت، روزگار، خواتین کو بااختیار بنانا اور کشمیر پاکستان عوامی قوت کے منشور کے اہم نکات ہیں، جبکہ نوجوانوں کو جدید مہارتوں اور باوقار روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی فوری ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی قوت کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پنجاب ویمنز ونگ کی صدر آسمہ اسماعیل بٹ، راولپنڈی ڈویژن کی صدر نبیلہ فرغانی، لائرز ونگ راولپنڈی ڈویژن کے صدر راجہ شفقت محبوب ایڈووکیٹ، مرکزی کمیٹی کے ارکان اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ میزبانی کے فرائض ملک اعجاز حسین نے انجام دیے۔

پاکستان عوامی قوت پنجاب ویمنز ونگ کی صدر آسمہ اسماعیل بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خاقان وحید خواجہ کی شخصیت نے پہلی ہی ملاقات میں انہیں متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے لیے ان کی خدمات بے لوث ہیں اور اسی وژن اور خدمتِ خلق کے جذبے نے انہیں پاکستان عوامی قوت میں شامل ہونے پر آمادہ کیا۔

آسمہ اسماعیل بٹ نے کہا کہ وہ خاقان وحید خواجہ کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کے لیے کام کریں گی اور خدمتِ خلق کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے زندگی میں کبھی شارٹ کٹ اختیار نہیں کیا، اللہ تعالیٰ نے خاقان وحید خواجہ کو غیر معمولی صلاحیتوں سے نوازا ہے، ہم سب ان کی طاقت بنیں گے اور ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ خاقان وحید خواجہ کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنا مکمل کردار ادا کریں گی اور ان کے وژن اور عوامی خدمت کے عزم کو مزید فروغ دیں گی۔ آسمہ بٹ کے مطابق پاکستان عوامی قوت عوامی مسائل، بالخصوص تعلیم، صحت اور بنیادی حقوق کے حوالے سے واضح وژن رکھتی ہے۔

آسمہ بٹ نے کہا کہ آج انہیں یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ وہ کس سیاسی جماعت کے ساتھ کھڑی ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان عوامی قوت ایسے نظام کے قیام کے لیے کوشاں ہے جس میں عوامی فلاح، بنیادی حقوق اور عوام کے بہتر مستقبل کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خاقان وحید خواجہ کا عزم مضبوط ہے اور وہ سب ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لا کر پارٹی کا منشور اور پیغام ملک بھر کے عوام تک پہنچائیں گی۔

خاقان وحید خواجہ نے آسمہ اسماعیل بٹ کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مخلص اور دیانت دار ساتھیوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ایسے لوگ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور پارٹی کے مشن کی حمایت کر رہے ہیں۔

سینئر صحافی ملک شکیل اعوان نے کہا کہ وہ سب مل کر خاقان وحید خواجہ کے نظریات، شعور اور منشور کو آگے بڑھائیں گے۔ تقریب سے نبیلہ فرغانی صدر ویمنز ونگ راولپنڈی ڈویژن اور راجہ شفقت محبوب ایڈووکیٹ صدر لائرز ونگ راولپنڈی ڈویژن نے بھی خطاب کیا۔

تقریب کے اختتام پر خاقان وحید خواجہ نے آسمہ بٹ کو پارٹی پرچم پیش کیا اور ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ آسمہ بٹ نے پاکستان عوامی قوت پنجاب ویمنز ونگ کی صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھایا۔

Share This Article