ملٹی پروفیشنل سوسائٹی کے انتخابات میں فاؤنڈرز گروپ کی تمام نشستوں پر کامیابی

newsdesk
4 Min Read
اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ملٹی پروفیشنل کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے انتخابات 19 ستمبر 2026ء کو منعقد ہوئے۔

اسلام آباد— ملٹی پروفیشنل کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے انتخابات برائے 2026ء 19 ستمبر 2026ء کو اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں منعقد ہوئے، جن میں ووٹرز کی بڑی تعداد نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ تین سال کے وقفے کے بعد ہونے والے ان انتخابات میں ملٹی فاؤنڈرز گروپ اور ملٹی اتحاد گروپ آمنے سامنے تھے۔

انتخابی نتائج کے مطابق ملٹی فاؤنڈرز گروپ نے تمام اہم نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے میدان مار لیا۔ چوہدری ندیم سرور جنرل سیکرٹری، محمد نواز لالی صدر، محمد اسلم راؤ نائب صدر، سید مصدق شاہد فنانس سیکرٹری اور کرنل (ر) محمود اعوان انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئے۔ اسی طرح انجینئر عتیق الرحمن، مس کلثوم رفیق، عزیز اللہ چوہدری اور عمیر بن طاہر ایگزیکٹو ممبران منتخب قرار پائے۔

نتائج کے مطابق ملٹی فاؤنڈرز گروپ کے نومنتخب جنرل سیکرٹری چوہدری ندیم سرور نے 1634 ووٹ حاصل کیے۔ نومنتخب صدر محمد نواز لالی کو 1582 ووٹ ملے جبکہ نائب صدر محمد اسلم راؤ نے مجموعی طور پر 1596 ووٹ حاصل کیے۔ مخالف ملٹی اتحاد گروپ کے سب سے زیادہ ووٹ لینے والے ممبر کے ووٹوں کی تعداد 70 رہی۔

کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نومنتخب جنرل سیکرٹری چوہدری ندیم سرور نے کہا کہ اللہ کے فضل سے انتخابی عمل پُرامن ماحول میں مکمل ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے بھی سوسائٹی کے ممبران کی خدمت کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی ممبران کی خدمت کو اپنا مشن سمجھ کر کام کریں گے۔

چوہدری ندیم سرور نے کہا کہ چوہدری عبدالمجید صاحب کا وژن یہ ہے کہ جمہوری عمل میں حصہ لینے والا مخالف فریق بھی انتخابات کے بعد مکمل اطمینان محسوس کرے۔

اس موقع پر نومنتخب صدر محمد نواز لالی نے ووٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام ممبران کے ممنون ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ سوسائٹی کی بہتری اور ممبران کی فلاح کے لیے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔

نومنتخب نائب صدر محمد اسلم راؤ نے کہا کہ ملٹی سوسائٹی ہمارا گھر ہے اور اس گھر کی بہتری کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ممبران کی جانب سے ملٹی سوسائٹی کی قیادت پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے، اس کے پیچھے چوہدری عبدالمجید صاحب کی انتھک محنت اور کاوشیں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ملٹی پروفیشنل کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے انتخابات اس سے قبل 6 ستمبر 2026ء کو بھی منعقد ہوئے تھے، جن میں ملٹی فاؤنڈرز گروپ نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم قانون کے مطابق مطلوبہ کورم پورا نہ ہونے کے باعث 19 ستمبر کو دوبارہ ووٹنگ کرائی گئی، جس میں بھی ملٹی فاؤنڈرز گروپ نے تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی۔

ملٹی سوسائٹی نے پُرامن انتخابی عمل پر تمام ووٹرز اور سپورٹرز کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ نومنتخب قیادت ممبران کی فلاح و بہبود اور سوسائٹی کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

Share This Article