لاہور: پاکستان کے محمد ابراہیم حسین گل نے اپنے سعودی عرب کے ساتھی ابراہیم علی پرنس کے ساتھ قطر اے ٹی ایف انڈر 14 ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں پاک سعودی جوڑی نے ٹاپ سیڈ اردنی جوڑی ریان کوار اور عونی قبتی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی۔
فائنل کے پہلے سیٹ میں محمد ابراہیم حسین گل اور ابراہیم علی پرنس نے مضبوط آغاز کیا اور ریان کوار، عونی قبتی پر مشتمل اردنی جوڑی کے خلاف 5-7 سے کامیابی حاصل کی۔ تاہم دوسرے سیٹ میں اردنی کھلاڑیوں نے بھرپور واپسی کی اور 1-6 سے سیٹ جیت کر مقابلہ برابر کر دیا، جس کے بعد فیصلہ کن سپر ٹائی بریک کھیلا گیا۔
ٹائٹل کے فیصلہ کن مرحلے پر پاکستانی اور سعودی کھلاڑی نے بہتر ہم آہنگی، حوصلے اور اعتماد کا مظاہرہ کیا۔ دونوں نے سپر ٹائی بریک میں سخت مقابلے کے بعد 8-10 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مجموعی طور پر 5-7، 6-1، 8-10 سے یادگار فتح اپنے نام کی۔
محمد ابراہیم حسین گل نے سنگلز مقابلوں میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ انہیں سیمی فائنل میں ریان کوار کے ہاتھوں شکست ہوئی، جنہوں نے بعد ازاں سنگلز چیمپئن شپ بھی جیت لی۔
ڈبلز ٹائٹل جیتنے کے بعد محمد ابراہیم حسین گل نے اللہ تعالیٰ، اپنے والدین اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خاص طور پر فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی کی جانب سے جونیئر کھلاڑیوں کی سرپرستی اور انہیں بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے پر اظہارِ تشکر کیا۔
