موٹروے پولیس نے ایمانداری اور فرض شناسی کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے 19 لاکھ روپے مالیت کے گم شدہ زیورات اور موبائل فون تلاش کرکے مالک کے حوالے کر دیے۔
اطلاعات کے مطابق اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی ایک فیملی نے ایم-14 داؤد خیل کے قریب پرس گم ہونے کی اطلاع موٹروے پولیس کو دی۔ فیملی کے مطابق بچوں کی جانب سے غلطی سے پرس باہر پھینک دیا گیا تھا، جس میں 17 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور 2 لاکھ روپے مالیت کا موبائل فون موجود تھا۔
اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام متعلقہ پٹرولنگ موبائلز کو فوری الرٹ جاری کیا۔ مؤثر تلاش کے نتیجے میں گم شدہ پرس بحفاظت برآمد کر لیا گیا۔
بعد ازاں موٹروے پولیس نے برآمد شدہ پرس، زیورات اور موبائل فون متاثرہ فیملی کے حوالے کر دیے۔ فیملی نے فوری مدد، دیانتداری اور پیشہ ورانہ خدمات پر موٹروے پولیس کا بھرپور شکریہ ادا کیا۔
