اسلام آباد میں طلبہ کا بڑا اجتماع: انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کنونشن اینڈ ایکسپو 3 سے 6 مئی تک منعقد ہوگا
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 6واں انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کنونشن اینڈ ایکسپو (ISCE) 2026 تین سے چھ مئی تک منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر اور بیرونِ ملک سے ہزاروں طلبہ، جامعات اور صنعتی شعبے کے نمائندگان شرکت کریں گے۔
منتظمین کے مطابق چار روزہ اس میگا ایونٹ میں 30 ہزار سے زائد طلبہ کی شرکت متوقع ہے، جبکہ 100 سے زائد جامعات، تعلیمی ادارے اور کارپوریٹ شراکت دار بھی اس میں شامل ہوں گے۔ یہ کنونشن پاکستان کے بڑے طلبہ کی زیر قیادت تعلیمی و ثقافتی پلیٹ فارمز میں شمار ہوتا ہے، جس کے سابقہ ایڈیشنز اسلام آباد، لاہور، کراچی، شمالی سندھ اور فیصل آباد میں کامیابی سے منعقد ہو چکے ہیں۔
آئندہ ایڈیشن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن، او آئی سی کامسٹیک اور دیگر اہم اداروں کی شمولیت سے اس کی تعلیمی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ افتتاحی تقریب سمیت مختلف سرگرمیاں قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، پاک آسٹریا فاخ ہوخ شُولے، انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی اور نیشنل اسکلز یونیورسٹی میں منعقد ہوں گی۔
کنونشن کے دوران 35 سے زائد طلبہ مقابلے، انڈور کھیلوں کے مقابلے، 5 ورکشاپس، انوویشن اور انڈسٹریل پویلینز، ایجوکیشن ایکسپو، ثقافتی پروگرامز اور انٹرایکٹو سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا، جن کا مقصد مکالمہ، تخلیقی صلاحیتوں اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
طلبہ مقابلوں کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں، تعلیمی مہارتوں اور تخلیقی خیالات کے اظہار کا موقع ملے گا، جبکہ انڈور اسپورٹس سرگرمیاں مختلف اداروں کے طلبہ میں ٹیم ورک اور صحت مند مقابلے کے رجحان کو فروغ دیں گی۔
انوویشن اور انڈسٹریل پویلینز میں نئی ٹیکنالوجیز، تحقیقی منصوبے اور کاروباری آئیڈیاز پیش کیے جائیں گے، جبکہ ایجوکیشن ایکسپو طلبہ کو داخلوں، اسکالرشپس اور مختلف تعلیمی پروگرامز کے بارے میں رہنمائی فراہم کرے گا۔
ثقافتی پروگرامز کے ذریعے پاکستان کی ثقافتی تنوع کو اجاگر کیا جائے گا اور مختلف علاقوں سے آنے والے طلبہ کے درمیان ہم آہنگی، رواداری اور یکجہتی کو فروغ دیا جائے گا۔
منتظمین نے ملک بھر کی جامعات کو دعوت دی ہے کہ وہ ادارہ جاتی اسٹالز، طلبہ وفود، مقابلہ جات اور نمائشوں کے ذریعے اس ایونٹ میں بھرپور شرکت کریں، جبکہ رابطے کو مؤثر بنانے کے لیے فوکل پرسنز نامزد کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ آئی ایس سی ای 2026 نوجوانوں کی ترقی، تعلیمی روابط اور قومی سطح پر تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
