راولپنڈی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر محمد عامر صدیقی نے کہا ہے کہ اسلام ایسا خوبصورت دین ہے جو انسانی رشتوں کو عزت اور وقار عطا کرتا ہے، جبکہ دوستی بھی انہی معتبر رشتوں میں ایک اہم مقام رکھتی ہے۔
دوستی کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے بیان میں محمد عامر صدیقی نے کہا کہ دنیا ہر سال 30 جولائی کو دوستی کا عالمی دن مناتی ہے، جس کا بنیادی مقصد لوگوں، ملکوں اور مختلف ثقافتوں کے درمیان امن، محبت اور دوستی کے رشتے کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مذہب میں دیگر رشتوں کی طرح دوستی کو بھی خاص اہمیت حاصل ہے۔
عامر صدیقی نے کہا کہ رب العالمین نے اپنے محبوب حضرت محمد ﷺ کو رحمت بنا کر مبعوث فرمایا اور کائنات کی تمام رونقیں آپ ﷺ ہی کے صدقے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کائنات میں اللہ سے بڑھ کر دوست کون ہو سکتا ہے، جو خود فرماتا ہے کہ جس کا میں دوست بن جاؤں اس کے رنج و غم دور ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کے رفقا حضرت ابوبکرؓ، حضرت عمرؓ، حضرت عثمانؓ اور حضرت علیؑ نے دوستی اور وفاداری کی ایسی مثالیں قائم کیں کہ آپ ﷺ پر اپنی جانیں نچھاور کرنے سے بھی دریغ نہ کیا۔
محمد عامر صدیقی نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے محنت کار کو اپنا دوست قرار دیا، مگر موجودہ دور میں مزدور اور محنت کش طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ غربت، مہنگائی، گیس و بجلی اور اشیائے خوردونوش کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جس کے باعث ہر شخص پریشانی میں مبتلا نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ایک دوسرے کا احساس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دوستی ایک بہترین رشتہ ہے، اس کا احترام کیا جانا چاہیے اور اسے آزمائش میں ڈالنے کے بجائے نبھانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ عامر صدیقی نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے اچھے دوستوں کو یاد کرنے اور ان کا شکریہ ادا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
