اسلام آباد میں ہیلتھ کیئر اداروں کی لائسنسنگ دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت

newsdesk
3 Min Read
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے آئی ایچ آر اے رجسٹریشن بورڈ کے ارکان سے ملاقات میں لائسنسنگ عمل کا جائزہ لیا۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی (آئی ایچ آر اے) کے رجسٹریشن بورڈ کے ارکان سے ملاقات کی، جس میں سابقہ آئی ایچ آر اے بورڈ کی جانب سے لائسنسنگ کے عمل کو روکے جانے کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔

وزارت صحت کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد میں صحت کی سہولیات کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ سے متعلق زیر التوا امور پر بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ اسلام آباد میں لائسنسنگ کے حصول کے لیے 800 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، تاہم سابقہ آئی ایچ آر اے بورڈ نے لائسنسنگ کا عمل روک دیا تھا۔

وزارت صحت نے ہدایت کی کہ لائسنسنگ کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے اور رجسٹریشن بورڈ تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے لائسنسوں کے اجرا کا آغاز کرے۔ وزارت کے مطابق آئی ایچ آر اے کا بنیادی مقصد اسلام آباد میں محفوظ اور معیاری صحت کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، جبکہ تمام سرکاری و نجی ہیلتھ کیئر اداروں کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ بھی یقینی بنائی جانی ہے۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ صحت کے اداروں کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے زیر التوا کیسز کو تیزی سے نمٹایا جائے، جبکہ پہلے سے مکمل اور تیار کیسز پر فوری کارروائی شروع کی جائے۔ وزارت صحت نے یہ بھی کہا کہ کیسز نمٹانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ایک قابل عمل ہدف مقرر کیا جائے۔

وزارت صحت کے مطابق صحت کی تمام متعلقہ سہولیات کو رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے طریقہ کار سے متعلق تحریری معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اداروں کی رہنمائی کے لیے مؤثر آگاہی اور سہولت کاری مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں عوام کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے باقاعدہ شکایتی نظام متعارف کرانے پر زور دیا گیا۔ وزارت صحت نے کہا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ہیومن ریسورس کی قلت کو دور کیا جائے تاکہ انسپیکشن، رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ یا تاخیر نہ آئے۔

وزارت صحت نے مزید ہدایت کی کہ اسلام آباد میں صحت کی سہولیات کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

Share This Article