اسلام آباد (سٹی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما اور فیڈرل کیپیٹل منارٹیز افیئرز کے سیکرٹری جنرل عرفان سلامت کھوکھر نے چرچ آف پاکستان، پشاور ڈایوسیس کے نو تعینات بشپ رائٹ ریورنڈ بشپ شاہد یونس دیوان کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں عرفان سلامت کھوکھر نے کہا کہ بشپ شاہد یونس دیوان کی تقرری مسیحی برادری کے لیے مسرت کا باعث اور نیک شگون ہے۔ ان کے مطابق بشپ شاہد یونس دیوان اس مقدس اور باوقار منصب کے لیے موزوں اور اہل شخصیت ہیں۔
عرفان سلامت کھوکھر نے کہا کہ بشپ شاہد یونس دیوان ایک مدبر، باصلاحیت اور پُرجوش مذہبی رہنما ہیں، جو علمی و فکری صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ خدمت، اتحاد اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بشپ شاہد یونس دیوان کی روحانی، مذہبی اور قائدانہ صلاحیتوں سے نہ صرف پشاور ڈایوسیس بلکہ ملک بھر کی مسیحی برادری کو نئی توانائی، اعتماد اور رہنمائی ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی قیادت چرچ کے مشن کو مزید مؤثر بنائے گی اور معاشرے میں محبت، امن، برداشت اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
عرفان سلامت کھوکھر نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور قومی یکجہتی میں اقلیتوں، خصوصاً مسیحی برادری، کا کردار ہمیشہ قابل قدر رہا ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ بشپ شاہد یونس دیوان اپنی ذمہ داریاں دانشمندی، اخلاص اور عزم کے ساتھ انجام دیتے ہوئے ملک میں مذہبی ہم آہنگی، سماجی خدمت اور بین المذاہب مکالمے کو مزید فروغ دیں گے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بشپ شاہد یونس دیوان کو صحت، حکمت، استقامت اور اپنے مقدس فرائض کی احسن ادائیگی کی توفیق عطا فرمائے اور خدمت خلق کے مشن میں مزید کامیابیاں نصیب کرے۔
