ہنزہ/لاہور (23 اپریل 2026ء) — عالمی میوزک پلیٹ فارم ہمنوا نے اپنے پہلے گانے "حیران امنام” کی شاندار کامیابی کے بعد سیزن 1 کا دوسرا گانا "نورِ نظر” جاری کر دیا ہے، جو موسیقی، ثقافت اور عالمی اشتراک کے امتزاج کو ایک منفرد انداز میں پیش کرتا ہے۔
"نورِ نظر” ایک اردو محبت بھرا گیت ہے جو باہمی احترام، برابری اور رفاقت پر مبنی ازدواجی تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ گانا ہنزہ نگر کے علاقے گلمت میں واقع گلْمِت اولڈ ہاؤس میں لائیو ریکارڈ کیا گیا، جہاں مقامی روایات سے متاثر ہو کر ایک خوبصورت رسم کو نمایاں کیا گیا ہے جس میں نوبیاہتا جوڑا اپنی نئی زندگی کے آغاز پر مل کر روٹی تیار کرتا ہے۔ یہ علامتی روایت شراکت داری، خلوص اور ساتھ مل کر آگے بڑھنے کے عزم کی نمائندگی کرتی ہے، جس سے یہ گانا محض محبت ہی نہیں بلکہ دیرپا رفاقت کی ایک دلنشین تعبیر بن جاتا ہے۔
گانے کو معروف موسیقار ذوالفقار جبار خان (زلفی) اور شیری کھٹک نے پروڈیوس اور کیوریٹ کیا ہے، جنہوں نے اس سے قبل "جھول” جیسے مقبول پروجیکٹ کو بھی تخلیق کیا تھا۔ "نورِ نظر” میں نعمان اسمت اور نورِیما ریحان کی آوازوں کے ساتھ ایک بین الاقوامی موسیقاروں کی ٹیم شامل ہے، جن میں پاکستان، الجزائر اور یورپ سے تعلق رکھنے والے فنکار شریک ہیں، جو اس گانے کو مقامی جڑوں کے ساتھ عالمی رنگ دیتے ہیں۔
اس موقع پر ہمنوا کے شریک بانی اور کریئیٹو ڈائریکٹر زلفی کا کہنا تھا کہ ہنزہ کی ایک خوبصورت روایت، جس میں نیا جوڑا اپنی زندگی کا آغاز مل کر روٹی بنا کر کرتا ہے، نے انہیں بے حد متاثر کیا۔ ان کے مطابق یہ روایت اس بات کی علامت ہے کہ ایک مضبوط رشتہ باہمی تعاون اور شراکت سے تشکیل پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "نورِ نظر” کے ذریعے وہ محبت کے اسی سادہ مگر گہرے تصور کو دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں۔
گانے کے بول شجر حسین، عمران اللہ ہنزئی (رمز)، علی رضا اور زلفی نے تحریر کیے جبکہ موسیقی علی رضا، شجر حسین اور زلفی نے ترتیب دی۔ میوزک ارینجمنٹ زلفی اور شیری کھٹک نے کی، جبکہ ماسٹرنگ مائیک ہنٹن نے لندن میں انجام دی۔ گانے کی ویڈیو کی ہدایت کاری عامر مغل نے کی ہے جبکہ دیگر پروڈکشن امور میں بھی مختلف ماہرین نے حصہ لیا۔
ہمنوا، جسے زلفی اور محمد ابراہیم نے مشترکہ طور پر قائم کیا، ایک عالمی میوزک و آرٹ پلیٹ فارم ہے جو پاکستان سے جڑا ہوا ہے اور دنیا بھر کے فنکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے۔ اس کے پہلے سیزن کی عکس بندی ہنزہ میں کی گئی جہاں پاکستان سمیت فرانس، جرمنی، الجزائر اور دیگر ممالک کے 30 سے زائد فنکاروں نے شرکت کی۔
"نورِ نظر” کے ساتھ ہمنوا کے سیزن 1 کا سفر مزید آگے بڑھ رہا ہے، جس میں "قطغنی”، "ہولو یور”، "سوے”، "لاسٹ اِن لو”، "کوئی اچھی خبر”، "اسیکتا” اور "درماں” جیسے گانے بھی شامل ہوں گے۔ یہ تمام تخلیقات مل کر ہمنوا کے پہلے باب کو مکمل کرتی ہیں، جو موسیقی کے ذریعے سرحدوں، ثقافتوں اور دلوں کو جوڑنے کی ایک خوبصورت کوشش ہے۔
"نورِ نظر” اب یوٹیوب، اسپاٹیفائی اور دیگر نشریاتی پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔
ہمنوا نے ہنزہ میں نور نظر گانا جاری کیا
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔
