بارانی زرعی یونیورسٹی میں پائیدار زراعت پر عالمی سمپوزیم، جرمن ماہرین کی شرکت

newsdesk
3 Min Read
سٹوڈنٹس ویک 2026 کے دوران بارانی زرعی یونیورسٹی میں پائیدار زراعت سے متعلق بین الاقوامی سمپوزیم منعقد ہوا۔

راولپنڈی: پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں سٹوڈنٹس ویک 2026 کی جاری سرگرمیوں کے تحت فیکلٹی آف ایگریکلچرل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام “پائیدار زراعت کے لیے اختراعات اور جدید تکنیکیں” کے عنوان سے بین الاقوامی سمپوزیم منعقد ہوا۔

سمپوزیم میں جرمن جامعات سے وابستہ سائنس دانوں اور محققین پر مشتمل وفد نے شرکت کی، جبکہ ڈی اے اے ڈی کے سینئر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ان میں ہیڈ آف سیکشن، اسکالرشپ پروگرامز، مڈل ایسٹ اینڈ نارتھ افریقہ محمد خشیعہ اور ڈائریکٹر ڈی اے اے ڈی اسلام آباد یاسمین پراچہ شامل تھیں۔

تقریب کے آغاز پر ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچرل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر جہانزیب مسعود چیمہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور یونیورسٹی کی تدریسی، تحقیقی اور ایکسٹینشن سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا۔ اس موقع پر شعبہ انرجی سسٹمز انجینئرنگ کے ڈاکٹر ارسلان افضل اور یونیورسٹی آف پرنس ایڈورڈ آئی لینڈ، کینیڈا کے ڈاکٹر اعتزاز اے فاروق نے تکنیکی لیکچرز دیے، جن میں پائیدار زراعت کے لیے جدید سائنسی پیش رفت اور اختراعی حل پر روشنی ڈالی گئی۔

مہمان خصوصی محمد خشیعہ نے اپنے خطاب میں اعلیٰ تعلیم کے استحکام اور سائنسی ترقی کے لیے بین الاقوامی تعلیمی تعاون، تحقیقی روابط اور تعلیمی مواقع کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تحقیق، جدت اور عالمی روابط کے فروغ کے لیے بارانی زرعی یونیورسٹی کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ زراعت کو درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

اختتامی خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے جرمن وفد کو خوش آمدید کہا اور اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور بین الاقوامی علمی تعاون کے فروغ میں ڈی اے اے ڈی کی طویل خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی شراکت داریاں علم کے تبادلے، استعداد کار میں اضافے اور تحقیقی معیار کی بہتری کے لیے اہم مواقع فراہم کرتی ہیں۔

سمپوزیم کے بعد جرمن وفد نے یونیورسٹی کے مختلف مراکز اور تحقیقی سہولیات کا دورہ کیا، جہاں انہیں یونیورسٹی کی تعلیمی اور سائنسی صلاحیتوں سے آگاہ کیا گیا۔ دورے کے دوران ادارہ جاتی تعاون کے ممکنہ راستوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

دریں اثنا سٹوڈنٹس ویک 2026 کے تحت اسی روز دیگر سرگرمیاں بھی جاری رہیں، جن میں فیکلٹی آف سائنسز اور یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے زیر اہتمام تکنیکی سیمینارز، ڈائریکٹوریٹ آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز کی پوسٹر پریزنٹیشن اور انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل سائنسز میں پولٹری اینڈ ڈیری ریسرچ فورم کا افتتاح شامل تھا۔

Share This Article