خیبرپختونخوا کی ڈیجیٹل ترقی کے لیے وفاق کا مکمل تعاون جاری رکھنے کا اعلان

newsdesk
4 Min Read
گورنر ہاؤس پشاور میں ڈیجیٹل ماسٹر پلان اور نیشنل ڈیجیٹل کمیشن سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹلائزیشن اور آئی ٹی انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے مطابق گورنر ہاؤس پشاور میں ڈیجیٹل ماسٹر پلان اور نیشنل ڈیجیٹل کمیشن سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کی۔

اجلاس میں وفاقی ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ آئی ٹی رفیق احمد برڑو، چیئرمین پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی ڈاکٹر سہیل، سی ای او پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ فیصل جیدی، سی ای او اگنائٹ بلال عباسی، مشیر سائنس و آئی ٹی عثمان سیف اللہ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر فخر عالم عرفان، سیکرٹری آئی ٹی نثار احمد اور وزارتِ آئی ٹی و صوبائی حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ اور چیئرمین پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی ڈاکٹر سہیل نے ’’ڈیجیٹل نیشن پاکستان‘‘ اقدام اور ’’نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان‘‘ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم پاکستان کے ’’ڈیجیٹل پاکستان‘‘ وژن کے تحت تمام صوبوں کو ایک مرکزی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر سے منسلک کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو ون ونڈو سسٹم کے ذریعے معاشی، سماجی اور ترقیاتی سہولیات تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔

حکام کے مطابق یہ ڈیجیٹل نظام کاروبار، صحت، تعلیم اور دیگر اہم شعبوں میں خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ نیشنل ڈیجیٹل کمیشن میں چاروں صوبوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ اس وقت وفاقی حکومت کے زیرِ انتظام ملک بھر میں 500 ڈیجیٹل پلیٹ فارمز فعال ہیں، جن میں سے 150 خیبرپختونخوا میں کام کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے خیبرپختونخوا کے آئی ٹی شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجی سکلز پروگرام کے تحت خیبرپختونخوا کے 8 لاکھ نوجوانوں کو کامیابی سے تربیت دی جا چکی ہے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق صوبے کے نوجوانوں کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس، جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سمال بزنس اسٹارٹ اپس سے متعلق خصوصی تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں گے، تاکہ نوجوان مرد و خواتین گھر بیٹھے آن لائن روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزارتِ آئی ٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اقدامات صوبے کے نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ گورنر نے وفاقی اقدامات اور ڈیجیٹل اصلاحات کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

بعد ازاں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے پشاور میں نیشنل انکیوبیشن سینٹر خیبرپختونخوا کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے تربیت حاصل کرنے والے لڑکوں اور لڑکیوں سے ملاقات کی، ان کے اسٹارٹ اپس، جدید تکنیکی منصوبوں اور تربیتی پروگراموں کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ان کی صلاحیتوں اور کاوشوں کو سراہا۔

Share This Article