سی اے ایس انٹرنیشنل اسکواش: فائنل میں دونوں ملائیشین کھلاڑی آمنے سامنے

newsdesk
2 Min Read
یی ژیان سیو اور جواخم چواہ سی اے ایس انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2026 کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔

سی اے ایس انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2026 کے سیمی فائنلز مکمل ہو گئے، جس کے بعد فائنل لائن اَپ بھی واضح ہو گئی ہے۔ ملائیشیا کے یی ژیان سیو اور جواخم چواہ نے اپنے اپنے مقابلے جیت کر فیصلہ کن میچ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

پہلے سیمی فائنل میں ملائیشیا کے چھٹے سیڈ یی ژیان سیو نے پاکستان کے چوتھے سیڈ محمد عاصم خان کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دی۔ یہ میچ 77 منٹ تک جاری رہا۔ یی ژیان سیو نے ابتدائی دونوں گیمز 11-8 اور 11-8 سے اپنے نام کیے، تاہم محمد عاصم خان نے واپسی کرتے ہوئے تیسرا گیم 11-5 اور چوتھا گیم 11-9 سے جیت کر مقابلہ برابر کر دیا۔ فیصلہ کن پانچویں گیم میں یی ژیان سیو نے 11-5 سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

دوسرے سیمی فائنل میں ملائیشیا کے دوسرے سیڈ جواخم چواہ نے مصر کے تیسرے سیڈ مروان عسل کو یکطرفہ مقابلے میں 3-0 سے ہرایا۔ یہ میچ 27 منٹ میں مکمل ہوا، جس میں جواخم چواہ نے 11-2، 11-6 اور 11-2 سے کامیابی حاصل کی۔

فائنل میچ ہفتہ، 28 نومبر کو سہ پہر 3 بجے کھیلا جائے گا، جس میں یی ژیان سیو ملائیشیا ہی کے جواخم چواہ کے مدمقابل ہوں گے۔ شائقین یہ فائنل مقابلہ آفیشل یوٹیوب چینل پر براہ راست دیکھ سکیں گے۔

Share This Article