اسلام آباد، 17 نومبر 2026: گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ 2026 کے تحت ایشیا کے مختلف ممالک سے آئے ہوئے سینئر بدھ راہبوں، مذہبی اسکالرز اور دانشوروں پر مشتمل بین الاقوامی وفد نے اسلام آباد میوزیم اور تاریخی شاہ اللہ دتہ غاروں کا دورہ کیا۔ تین روزہ ڈائیلاگ کا عنوان ’’مشترکہ مستقبل کی جانب‘‘ رکھا گیا ہے۔
قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے مطابق وفد میں تھائی لینڈ، لاؤس، ویتنام، جاپان، کمبوڈیا، سری لنکا، جمہوریہ کوریا اور بنگلہ دیش کے نمائندے شامل ہیں۔ اس مکالمے کا مقصد گندھارا کے مشترکہ بدھ ورثے کے تحفظ، ترویج اور عالمی سطح پر اس کی پہچان کو مزید نمایاں کرنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ اقدام وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے گندھارا کے کوآرڈینیٹر عمران شوکت کی قیادت میں کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میوزیم کے دورے کے دوران وفد نے گندھارا دور کے بدھ ورثے سے متعلق نوادرات کا جائزہ لیا، جن میں گوتم بدھ کے تاریخی مجسمے، بدھ مت سے وابستہ تبرکات اور آثارِ قدیمہ کی دیگر اشیا شامل تھیں۔ یہ نوادرات اس خطے کی اس تاریخی حیثیت کو اجاگر کرتے ہیں جہاں بدھ فن، فلسفہ اور علمی روایت نے ابتدائی ادوار میں نمایاں فروغ پایا۔
وفد نے میوزیم میں پیش کی گئی ڈیجیٹل پریزنٹیشن بھی دیکھی، جس کے ذریعے گندھارا کی تاریخ، تہذیبی ورثے اور ثقافتی اہمیت کو دلچسپ انداز میں پیش کیا گیا۔
بعد ازاں بین الاقوامی بدھ وفد نے شاہ اللہ دتہ کی تاریخی غاروں کا دورہ کیا۔ یہ مقام خطے کے بدھ ورثے سے وابستہ اہم آثارِ قدیمہ اور ثقافتی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔ دورے کے دوران مذہبی رہنماؤں اور اسکالرز کو اس مقام کی تاریخی اور روحانی اہمیت کے بارے میں قریب سے آگاہی حاصل کرنے کا موقع ملا۔
قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی جوائنٹ سیکرٹری تنزیلہ سباحت بھی وفد کے ہمراہ رہیں۔
یہ دورے گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے وسیع پروگرام کا حصہ ہیں، جس میں بین الاقوامی بدھ قیادت، مذہبی اسکالرز، ماہرین اور پاکستان کے متعلقہ فریق شریک ہیں۔ مکالمے میں ورثے کے تحفظ، تحقیق، عالمی روابط، زائرین کے لیے سہولتوں اور مقامی آبادی کی ترقی جیسے امور پر تعاون بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
تین روزہ ڈائیلاگ کی افتتاحی نشست وزارت خارجہ میں منعقد ہوئی، جس کے بعد موضوعاتی نشستوں میں مذہبی بنیادوں پر زائرین کی سہولت، تاریخی ورثے کا تحفظ، گندھارا کی عالمی سطح پر مؤثر نمائندگی، مقدس مخطوطات، سیاحتی ڈھانچے اور مقامی برادری کے کردار جیسے موضوعات زیر بحث ہیں۔ ڈائیلاگ کا اختتام قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن میں ہوگا۔
عمران شوکت نے کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی بدھ برادری کے ساتھ پاکستان کے روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے مطابق گندھارا کو مشترکہ تہذیبی ورثے کے طور پر اجاگر کرنا ثقافتی سفارت کاری، بین المذاہب ہم آہنگی اور بین الاقوامی تعاون کے لیے ایک مؤثر پل ثابت ہو سکتا ہے۔
