ڈھوک مٹکیال اور ڈھوک حسو میں کچرے کے ڈھیر، احتجاجی مہم شروع

newsdesk
2 Min Read
ڈھوک مٹکیال اور ڈھوک حسو میں صفائی کی ابتر صورتحال کے خلاف احتجاجی مہم شروع

راولپنڈی (17 نومبر 2026) — ڈھوک مٹکیال اور ڈھوک حسو کی یونین کونسلز 04 اور 06 میں صفائی کی ابتر صورتحال کے خلاف شہری حلقوں نے آواز بلند کر دی ہے، جہاں کھلے پلاٹ کچرے کے بڑے ڈھیروں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ یہ علاقے وفاقی وزیر ریلوے کے حلقے میں آتے ہیں۔

پاکستان سٹیزن رائٹس موومنٹ کے چیئرمین ظہیر احمد اعوان نے علاقے کے دورے کے موقع پر کہا کہ ستھرا پنجاب کی ناقص کارکردگی کے باعث ڈھوک مٹکیال اور ڈھوک حسو کے مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق شہری کئی سال سے اپنی مدد آپ کے تحت گوگل پن لوکیشن، تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے وزیراعلیٰ شکایات سیل اور ستھرا پنجاب اتھارٹی کو نشاندہی کر رہے ہیں، تاہم عملی صفائی اقدامات دکھائی نہیں دیتے۔

ظہیر احمد اعوان نے کہا کہ شہر کے مرکزی مقام لیاقت باغ میں موجود کوڑے کا ڈپو مری روڈ اور اطراف کے علاقوں میں تعفن، مچھروں اور مکھیوں کے پھیلاؤ کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ آپریشنل افسران کی مبینہ غفلت اور ناقص کارکردگی کے خلاف ’’شہر کو گندگی سے پاک کرو احتجاجی مہم‘‘ شروع کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکریٹری، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری صفائی کرائی جائے، محکمہ ماحولیات اپنا کردار ادا کرے اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Share This Article