عاطف اکرام شیخ کے لیے تمغہ امتیاز کی منظوری

newsdesk
2 Min Read
عاطف اکرام شیخ کو فلاحی و انسان دوست خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ کو تمغہ امتیاز دینے کی منظوری دے دی۔

یہ منظوری پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر دی گئی۔ عاطف اکرام شیخ کو فلاحی و انسان دوست خدمات، یعنی فلنتھراپی کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں قومی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

عاطف اکرام شیخ کاروباری اور صنعتی شعبے کے ساتھ فلاحی و سماجی خدمات میں بھی فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ سارک چیمبر آف کامرس کے نائب صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر بھی ہیں۔

عاطف اکرام شیخ مجاہد گروپ آف انڈسٹریز کے سربراہ کی حیثیت سے بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ وہ 23 مارچ 2027 کو یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں صدر مملکت سے یہ ایوارڈ وصول کریں گے۔

تمغہ امتیاز کے لیے نام منظور ہونے پر عاطف اکرام شیخ نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے اظہار تشکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کی جانب سے قومی ایوارڈ کے لیے نام کی منظوری ان کے لیے باعث اعزاز ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ یہ اعزاز ان کی ذات کا نہیں بلکہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور فلاحی خدمات سے وابستہ تمام افراد کا اعزاز ہے۔ انہوں نے تمغہ امتیاز کے لیے نام کی منظوری پر صدر مملکت، وزیراعظم، حکومت پاکستان اور تمام متعلقہ اداروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی ایوارڈ کے لیے نامزدگی مزید محنت اور پاکستان کی خدمت کے جذبے کو تقویت دے گی۔

Share This Article