راولپنڈی: مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ضلع راولپنڈی کے زیرِ اہتمام 14 اگست یومِ آزادی کے موقع پر راولپنڈی بھر میں مختلف تقریبات، ریلیوں، سیمینارز اور پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ اسی سلسلے میں ضلع راولپنڈی کے تحت ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں طلبہ اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔
ایم ایس او پاکستان کی جانب سے اس سال یومِ آزادی کی تقریبات کا مرکزی عنوان ’’لو پاکستان‘‘ رکھا گیا ہے۔ تنظیم کے مطابق ملک بھر میں ذمہ داران، کارکنان اور طلبہ یومِ آزادی کو ملی و قومی جذبے کے ساتھ منانے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کر رہے ہیں۔
ان پروگرامز میں تحریکِ آزادی، نظریۂ پاکستان، قومی یکجہتی، نوجوانوں کے کردار اور ملکی ترقی کے موضوعات پر خصوصی گفتگو اور آگاہی نشستیں شامل ہیں، جن کا مقصد نوجوان نسل کو پاکستان کی تاریخ اور قومی ذمہ داریوں سے روشناس کرانا ہے۔
اس موقع پر ناظم پنجاب شرجیل احسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور اس کی آزادی ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو پاکستان کی تاریخ، جدوجہدِ آزادی اور قومی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شرجیل احسن کا کہنا تھا کہ ’’لو پاکستان‘‘ کے عنوان سے منعقد کی جانے والی تقریبات کا مقصد نوجوانوں میں وطن سے محبت، قومی وحدت، ذمہ داری اور تعمیری کردار کا جذبہ اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس او پاکستان کے نزدیک ملک کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے، اور نوجوان اپنی صلاحیتوں، علم اور کردار کے ذریعے پاکستان کو مضبوط اور ترقی یافتہ بنانے میں بنیادی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ناظم ضلع راولپنڈی ابو ہریرہ نے کہا کہ یومِ آزادی صرف جشن کا دن نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا موقع بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ، قومی وحدت، تعلیم کے فروغ اور ملکی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔
یہ اعلامیہ طیب عباسی، شعبہ اطلاعات و نشریات، مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ضلع راولپنڈی کی جانب سے جاری کیا گیا۔
