فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر مسلح افواج سمیت پوری قوم کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ میں جرات، بہادری اور قربانی کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے پاک افواج اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ یومِ دفاع ہمیں وطن کے تحفظ اور ترقی کے لیے متحد ہونے کا پیغام دیتا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج ملکی دفاع کے لیے ہر وقت تیار اور قوم کا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔ یومِ دفاع کے موقع پر پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کے استحکام اور قومی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ شہداء کی قربانیاں ہمیں پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانے کا عزم دیتی ہیں۔
