پیر مہر یونیورسٹی میں زرعی سماجی کاروباری تربیت مکمل

newsdesk
4 Min Read
پیر مہر علی شاہ ارِڈ یونیورسٹی راولپنڈی میں اقوامِ متحدہ کے تعاون سے زرعی شعبے میں سماجی کاروباری کے موضوع پر فیکلٹی تربیت کا پہلا ماڈیول مکمل ہوا۔

حکومت نوجوانوں کو جدید تکنیکی اور کاروباری مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ محترمہ وجیہہ قمر، وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت

پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں یونائیٹڈ نیشنز آفس آن ڈرگس اینڈ کرائم کے تعاون سے 7 تا 16 مئی 2026ء “پائیدار امن کے قیام کے لیے زراعت میں سماجی کاروباری صلاحیتوں کے فروغ” کے عنوان سے فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کا پہلا ماڈیول کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔ اختتامی تقریب کی مہمانِ خصوصی وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محترمہ وجیہہ قمر تھیں جبکہ ڈاکٹر احمد خاور شہزاد، ڈائریکٹر پی سی ای نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ تقریب میں اس تربیتی پروگرام کے اساتذہ، مختلف جامعات اور اداروں سے تعلق رکھنے والے محققین، ماہرین، ٹرینرز اور ریسورس پرسنز نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے کہا کہ تکنیکی تعلیم، زرعی جدت اور سماجی کاروباری سرگرمیوں کا امتزاج نوجوانوں کے لیے پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید تکنیکی اور کاروباری مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں، صنعتوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے درمیان باہمی تعاون پائیدار ترقی اور دیرپا امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔

مہمانِ اعزاز ڈاکٹر احمد خاور شہزاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشی اور فکری طور پر کمیونٹیز کو بااختیار بنائے بغیر پائیدار امن کا حصول ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام اساتذہ کو جدید علم اور عملی مہارتوں سے آراستہ کرتے ہیں، جس سے طلبہ کو مثبت سماجی تبدیلی کے مؤثر کردار ادا کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جبکہ سماجی کاروباری سرگرمیاں نوجوانوں اور دیہی آبادی کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ جامعات کو تحقیق، تعلیم اور کمیونٹی روابط کے ذریعے سماجی ترقی، جدت اور امن کے فروغ میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

وائس چانسلر نے یونائیٹڈ نیشنز آفس آن ڈرگز اینڈ کرائم کنٹرول کے پروفیسر سید حسین حیدر اور سید ارسلان شاہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی قیمتی معاونت، لگن اور فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے کامیاب انعقاد کے لیے انتھک کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے مشترکہ اقدامات معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کا بنیادی مقصد اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، زراعت میں سماجی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے عملی حکمتِ عملیوں کو متعارف کروانا تھا۔ پروگرام میں شریک اساتذہ نے اس تربیت کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں سماجی کاروباری ماڈلز، کمیونٹی انگیجمنٹ، زرعی ترقی اور پائیدار امن کے حوالے سے قیمتی معلومات اور عملی رہنمائی حاصل ہوئی ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے