یومِ شہدائے پولیس: عبدالعلیم خان کا شہداء کو خراج، موٹرویز کی توسیع اور این ایچ اے آمدن میں اضافے کا ذکر

newsdesk
4 Min Read
یومِ شہدائے پولیس کی تقریب میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی۔

اسلام آباد، 4 اگست 2026: موٹروے پولیس ہیڈ کوارٹر کے آڈیٹوریم میں یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب میں آمد کے بعد وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی۔

اپنے خطاب میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ 4 اگست قومی تاریخ میں غیر معمولی اہمیت کا حامل دن ہے۔ انہوں نے پولیس کے تمام شہداء کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ صفوت غیور کی تاریخی شہادت تمام سیکیورٹی فورسز کے لیے رہنمائی کا روشن مینار ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹروے پولیس کے 59 بہادر افسران سمیت تمام شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے موٹروے پولیس کو پوری قوم کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال قرار دیا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ پیٹرولنگ افسران کے تحفظ کے لیے ٹول پلازوں کے قریب جدید پولیس اسٹیشنز، مخصوص پارکنگ سہولیات اور ہنگامی ایمبولینس سروسز قائم کی جا رہی ہیں۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی مالی خودمختاری اور ادارہ جاتی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ این ایچ اے کی آمدن 2024 میں 66 ارب روپے تھی جو 2026 میں بڑھ کر 127 ارب روپے سے زائد ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مکمل مالی خودکفالت کے نتیجے میں پاکستان بیرونی انحصار کے بغیر اپنے قومی وسائل سے شاہراہوں اور موٹرویز کے نیٹ ورک کو وسعت دے رہا ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں جاری اور مجوزہ انفراسٹرکچر منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مری ایکسپریس وے (IMDC) کی مظفرآباد تک توسیع عوام کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرے گی، جبکہ MNJC موٹروے شاہراہِ قراقرم (KKH) کا مؤثر متبادل بن کر چین کے ساتھ اسٹریٹجک روابط کو مزید مضبوط کرے گی۔

عبدالعلیم خان کے مطابق سیالکوٹ، کھاریاں، راولپنڈی شاہراہ اسلام آباد اور لاہور کے درمیان فاصلہ 100 کلومیٹر کم کرے گی اور سفر کے دورانیے میں ایک گھنٹے سے زائد کی بچت ہو گی۔ کراچی میں M-10 اور لیاری ایکسپریس وے کراچی پورٹ سے تجارتی سامان کی نقل و حمل کو بہتر بنا رہے ہیں، جبکہ M-6 موٹروے پر عملی کام جلد شروع ہو گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کرتارپور اور ننکانہ صاحب کو ملانے والی “گرو نانک ایکسپریس وے” کی تعمیر جاری ہے، جس کا مقصد دنیا بھر کی سکھ برادری کے لیے مذہبی سیاحت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت میں سیاحتی راستوں پر انفراسٹرکچر کا کام بھی جاری ہے، جبکہ N-25 شاہراہ کی تکمیل کا ہدف آئندہ سال مقرر کیا گیا ہے۔ بلوچستان میں M-8 موٹروے منصوبے علاقائی روابط اور ایران کے ساتھ سرحدی تجارت کو نمایاں طور پر مضبوط بنائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے بھی شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

Share This Article